قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس ، تینوں حکومتی بل آئندہ اجلاس تک ملتوی

بدھ 23 ستمبر 2020 21:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2020ء) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا چئیرمین ریاض فتیانہ کی زیر صدارت اجلاس میں تینوں حکومتی بل آئندہ اجلاس تک ملتوی کر دیئے گئے۔ اجلاس میں حکومت کے نیب ترمیمی بل 2019 پر بحث کی گئی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری قانون راجہ نعیم اکبر نے کہا ہم آج اس بل پر بحث نہیں کرنا چاہتے۔

جس پر پاکستان پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے کہا ہم تو اس بل پر تیاری کرکے آئے ہیں، بل کو اسی حالت میں منظور کریں۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ایم این اے محسن نواز رانجھا نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہمیں حکومت کے نیب ترمیمی بل 2019 پر کوئی اعتراض نہیں، آج ہی منظور کریں، ملک احسان اللّٰہ ٹوانہ نے کہا اپوزیشن کے حکومت کے نیب ترمیمی بل کو اس حالت میں منظور کرنے سے حکومت بھی شک پر پڑ گئی ہے کہ وہ کوئی غلطی کرنے جارہے ہیں، کمیٹی کے ممبر شیر علی ارباب نے وزیر قانون کی عدم حاضری پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا وزارت قانون کا رویہ ٹھیک نہیں، بل ایجنڈے پر ہے تو بات ہونی چاہیے، چیئرمین کمیٹی ریاض فتیانہ کا کہنا تھا وزیر قانون فروغ نسیم نے پیغام بھیجا ہے کہ میری ذاتی مصروفیت ہے، میری موجودگی میں بل پر بحث کی جائے، آج اس بل کو اگلے اجلاس تک موخر کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد متفقہ طور پر قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے نیب ترمیمی بل 2019 کو وزیر قانون کی عدم موجودگی پر موخر کردیا، ممبر کمیٹی سید نوید قمر نے تجویز دی کہ اگر کمیٹی اس بل کو موخر کررہے ہیں تو باقی دونوں حکومتی بلز بھی موخر کردیں، وزارت قانون حکام نے حکومتی بلز موخر کرنے پر رضامندی ظاہر کردی جس کے بعد وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن بل اور عالمی عدالت انصاف بل بھی موخر کردیا گیا۔

اجلاس میں محمد فاروق اعظم ملک، ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ، شیر علی ارباب، شنیلہ روتھ، چوہدری محمود بشیر ورک، مسٹر عثمان ابراہیم، جناب محسن نواز رانجھا، سید حسین طارق، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، عالیہ کامران، سید نوید قمر، سیکرٹری وزارت قانون و انصاف سمیت کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔توصیف

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں