وزیراعظم عمران خان احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بدعنوان ملزمان کا ٹولہ ریلیف لینے کیلئے اکٹھا ہوا ہے: شہزاد اکبر

حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی، مشیر برائے احتساب کی نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو

اتوار 27 ستمبر 2020 20:10

وزیراعظم عمران خان احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بدعنوان ملزمان کا ٹولہ ریلیف لینے کیلئے اکٹھا ہوا ہے: شہزاد اکبر
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ حکومت نے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، ان کا خود واپس آنا مشکل نظر آ رہا ہے لیکن حکومت انہیں واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی، بدعنوان ملزمان کا ٹولہ ریلیف لینے کیلئے اکٹھا ہوا ہے تاہم وزیراعظم عمران خان احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز نے اکیلے ساڑھے 3 ارب کی منی لانڈرنگ کی ہوئی ہے، انہیں بھی واپس بلانا چاہیے، مریم نواز مس یوز آف اتھارٹی کی بینیفشری رہی ہیں، انہیں اپنی بدعنوانیوں کا حساب دینا ہو گا۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی تاریخ رہی ہے کہ جب بھی ان پر برا وقت آتا ہے یا یہ لوگ اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر بیرون ممالک بھاگ جاتے ہیں، یہ کس قسم کے لیڈر ہیں، لیڈر تو وہ ہوتا ہے جو ہر مشکل میں اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

شہزاد اکبر نے کہا کہ لوٹ مار کا بڑا حصہ نواز شریف کو ملتا تھا اسلئے شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں نے الگ سے اپنی لوٹ مار کا بازار گرم کیا، سلمان شہباز اکیلے ساڑھے تین ارب روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، انہیں بھی واپس بلانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کہاں کہاں سے بچیں گے، جہاں ہاتھ لگاتے ہیں شریف فیملی کی منی لانڈرنگ کی داستانیں نکلتی ہیں، شہباز شریف کے بچوں کے جو بزنسز ہیں ان کو چلانے کیلئے سارا پیسہ ٹی ٹیوں سے نکالا جاتا ہے، چوہدری شوگر ملز کی تفتیش ہونا باقی ہے۔ مشیر برائے احتساب نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت کے دوران ایک طرف شہباز شریف گرین زون ڈیکلیئر قرار دیتے تھے اور دوسری جانب مریم نواز نے وہاں پر ہزاروں ایکڑ زمین کی خریداری کی، مریم نواز مس یوز آف اتھارٹی کی بینیفشری رہی ہیں، انہیں اپنی بدعنوانیوں کا حساب دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں قیادت کی جنگ ہے، شہباز شریف جب لیڈ لے رہے ہوتے ہیں تو مریم نواز آ کر رنگ میں بھنگ ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں، کوئی نہ کوئی نیا بیانیہ کھڑا کر کے شہباز شریف کو یہ یاد کراتی ہیں کہ وہ بھی لیڈرشپ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت احتساب سے بچنے کیلئے ہمیں ڈرانے کی کوشش کرتی ہے کہ کل آپ کی بھی باری آنی ہے، بدعنوان عناصر کا آپس میں معاہدہ ہو سکتا ہے لیکن حکومت انہیں رعایت دے گی اور نہ ہی احتساب سے پیچھے ہٹے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں