پاکستان افغان قیادت پر مشتمل افغان عمل کے اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے، پر امن افغانستان پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ اسپیکر اسد قیصر

اتوار 27 ستمبر 2020 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2020ء) قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان افغان قیادت پر مشتمل افغان عمل کے اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے، پر امن افغانستان پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام ثقافت، مذہب اور تاریخ کے مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی اعلیٰ سطح قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا دورہ پاکستان پاک افغان تعلقات کے استحکام میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی اور اعلیٰ سطح کے رابطوں سے ہمسایہ ممالک کے تعلقات خراب کرنے کی غیر ملکی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی رہنمائوں کے دوروں سے دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام آئے گا، تین دہائیاں قبل افغانستان پر غیر ملکی حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے افغان بھائیوں کا کھلے دل سے استقبال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے بعد پاکستان کی حکومت افغان پناہ گزینوں کی واپسی میں ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں