ٹیئر فنڈ پاکستان اور این ڈی ایم اے کے اشتراک سے سینیٹری ورکرز کیلئے 750 کورونا وائرس سے بچاؤ کی کٹس فراہم

پیر 28 ستمبر 2020 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر آفس میں ٹیئر فنڈ پاکستان اور این ڈی ایم اے کے اشتراک سے ڈائریکٹر سینیٹیشن کو سینیٹری ورکرز کیلئے 750 کورونا وائرس سے بچاؤ کی کٹس فراہم کی گئیں۔ اس حوالے سے تقریب میں ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی،این ڈی ایم اے کے حکام، ٹیئر فنڈ کے کنٹری ڈائریکٹر جوناتھن جانسن، پراجیکٹ ڈائریکٹر ثومیہ سجاد، ڈائریکٹر جنرل واٹر مینجمنٹ سردار خاں زمری اور ترجمان ایم سی آئی سید محسن شیرازی نے شرکت کی۔

این ڈی ایم اے کے اشتراک سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے 750 کٹس ڈپٹی میئر سید ذیشان نقوی کے حوالے کی گئیں۔ اس حوالے سے تقریب میئر اسلام آباد کے آفس میں منعقد ہوئی اس پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی میئر سید ذیشان نقوی نے کہا کہ ایم سی آئی کے عملے نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بہت کام کیا ہے، پورے اسلام آباد میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کلورین کے سپرے کئے گئے اور میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کی اور عیدالاضحی کے موقع پر عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

ٹئیر فنڈ کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اچھے اقدامات کئے اب یہ کٹس دینے کا مقصد یہ ہے کہ فرنٹ لائن پر لڑنے والا عملہ کرونا وائرس سے متاثر نہ ہو ان کٹس میں ماسک، گلوز اور باڈی کور شامل ہیں۔ انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے ایم سی آئی کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں