جن لوگوں کو قوم نے مسترد کردیا وہ اپنی چوری چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت شاندانہ گلزار خان

بدھ 30 ستمبر 2020 13:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت شاندانہ گلزار خان نے کہا ہے کہ حزب اختلاف اپنی بدعنوانی چھپانے کے لئے حکومت پر تنقید کر رہی ہے اور جعلی نظریہ پر عمل پیرا ہے۔بدھ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا مقصد اپنی بدعنوانیوں کو چھپانا ہے جبکہ انہیں لوگوں کو درپیش مشکلات سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

شاندانہ گلزار خان نے کہا کہ دونوں جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے بجائے قومی مفادات کے لئے قانون سازی کی حمایت کریں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے اور وہ صرف اس کوشش میں ہیں کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں کامیاب نہ ہو۔

(جاری ہے)

شاندانہ گلزار خان نے کہا کہ اب عوامی رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگی اور ان کی قیادت تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت جاری رکھے گی، تمام کرپٹ عناصر ، جنہوں نے ملک کو اربوں کے قرضوں میں جکڑ لیا تھا ، انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شاندانہ گلزار خان نے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کی اعلی قیادت مجرمانہ نوعیت کے مقدمات کا سامنا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے این آر او کا مطالبہ تحریری طور پر کیا ہے ،جن لوگوں کو قوم نے مسترد کردیا ہے وہ اپنی چوری چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی کو قومی فریضہ سمجھا ہے۔ شاندانہ گلزار خان نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کو وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میںتمام حقوق ملیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں