وزارت آئی ٹی شہری اور دوردراز علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے،وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیّد امین الحق

جمعرات 1 اکتوبر 2020 00:53

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیّد امین الحق نے کہا ہے کہ وزارت آئی ٹی شہری اور دوردراز علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت یونیورسل سروس فنڈ کی جانب سے جاز اور یوفون کو دیے گئے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہی۔

وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ معاہدے پر یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث محمود چوہدری، یوفون کے سی ای او راشد خان اور جاز کے سربراہ عامر ابراہیم نے دستخط کیے۔ اس کنٹریکٹ سے ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز سے بلوچستان اور سندھ کے پسماندہ علاقے بھی استفادہ کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل پاکستان کا ایک بہترین وژن دیتے ہوئے وزارت آئی ٹی پر اعتماد کیا، ہم تمام تر مشکلات اور مسائل کے باوجود ان کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے بھرپور کوششیں کرتے رہیں گے اور صرف باتیں نہیں بلکہ کام ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ارب 28 کروڑ کے اس منصوبے کے تحت جاز نیٹ ورک سندھ کے اضلاع خیرپور، سکھر، گھوٹکی اور یوفون نیٹ ورک بلوچستان میں کچی، جھل مگسی، زیارت اور قلات ڈویژن میں ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز پہنچانے کی ذمہ دار ہوں گی۔ سیّد امین الحق نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے ان اضلاع اور اطراف کے 11 سو 46 پسماندہ دیہاتوں اور مضافات کے 24 لاکھ افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ سروس میسر آ سکے گی۔

اس طرح 34 ہزار 660 مربع کلومیٹر کا وسیع علاقہ مستفید ہو سکے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر وزیراعظم اسی طرح ہمیں ٹائم دیتے رہیں تو ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہر ماہ یو ایس ایف کی جانب سے عوامی سہولیات کا ایک پراجیکٹ ہم پیش کرتے رہیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں