شریف خاندان کی لوٹ مار پکڑی گئی ہے، قوم کے ساتھ وہ کچھ کرگئے جو دشمن بھی نہیں کر سکے، سابق وزیراعظم کی لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں انقلاب لانے کی باتیں مذاق ہیں، اپوزیشن حکومت مخالف تحریک نہیں بنا سکے گی ، نواز شریف سیاسی بقاء کیلئے قومی اداروں پر تنقید کر رہے ہیں، حکومت احتساب کے علاوہ اپوزیشن کے ساتھ قومی مفاد کے معاملات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 1 اکتوبر 2020 01:50

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کی لوٹ مار پکڑی گئی ہے، ان لوگوں نے قوم کے ساتھ وہ کیا جو اس کے دشمن بھی نہیں کر سکے، ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ شریف خاندان نے کیسے پیسے کمائے اور بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں، نواز شریف کے خلاف احتساب کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے اسلئے ان کی انقلابیت جاگ اٹھی ہے، سابق وزیراعظم کی لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں انقلاب لانے کی باتیں مذاق ہیں، ماضی میں بھی اے پی سیز ہوتی رہی ہیں اب بھی حکومت کو اپوزیشن کی اے پی سی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک بنے گی نہیں کیونکہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں، حکومت احتساب کے علاوہ اپوزیشن کے ساتھ قومی مفاد کے معاملات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کا المیہ ہے کہ ماضی میں ان پر ایسے لوگ مسلط رہے جن پر اوپن اینڈ شٹ کیسز تھے، عدالت نے نواز شریف کو نا اہل قرار دیا ہوا ہے اور اب وہ سزا یافتہ مجرم ہیں، شریف خاندان نے قطری خط کے علاوہ آج تک یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے لندن میں فلیٹس کیسے بنائے، جواب پوچھیں تو کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائی ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض بدعنوان سیاستدان ذاتی مفادات کیلئے سیاست کو بدنام کر رہے ہیں، ماضی میں ان لوگوں نے دل کھول کر کرپشن کی، اب جب نیب آزادانہ طور پر ان کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے تو یہ شورشرابا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں جہاں جاتے ہیں تو لوگ ان پر آوازیں کستے ہیں اور ان کے خلاف نعرے لگاتے ہیں، سابق وزیراعظم سیاسی بقاء کیلئے قومی اداروں پر تنقید کر رہے ہیں اور ہیرو بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شفقت محمود نے کہا کہ عدالت نے شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کی ہے حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کی سیاست جھوٹ اور منافقت پر مبنی ہے، نواز شریف عدالت کی ضمانت پر علاج کیلئے بیرون ملک گئے تھے لیکن ابھی تک واپس نہیں آئے، اب عدالت نے انہیں مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں، انہیں چاہیے کہ واپس آ کر عدالتوں میں اپنے بدعنوانی مقدمات کا سامنا کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جلسے جلوس اور احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، مولانا فضل الرحمان جلسوں میں مدارس کے بچوں کا استعمال کرتے ہیں جو کہ تشویشناک ہے، کورونا کی وجہ سے پہلے ہی بچوں کی تعلیم بہت متاثر ہو چکی ہے اس لئے جمعیت علمائے اسلام ف کے قائد سیاسی فوائد کیلئے مدارس کے بچوں کو استعمال کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول کھولنا مشکل فیصلہ تھا لیکن بچوں کے مستقبل کا فیصلہ تھا، حکومت باریک بینی سے کورونا صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، حالات بہتر ہیں اس لئے والدین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے دن سے حکومت کو تسلیم نہیں کیا، ان سے کیا بات کریں، اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ ہم استعفے دے دیں، عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے، اب کیا ہم اپوزیشن کے دبائو میں آ کر استعفے دے دیں ایسا نہیں ہو سکتا، حکومت اپوزیشن کے ساتھ احتساب کے معاملے کے سوا قومی مفاد کے معاملات پر بیٹھنے کیلئے تیار ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں