قانون کرایہ داری کا بل پاس کرانے پر حکومت کے شکر گزار ہیں،اجمل بلوچ

منگل 20 اکتوبر 2020 23:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2020ء) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکریٹری خالد محمود چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے قانون کرایہ داری کا بل قومی اسمبلی سے پاس کرا کے اسلام آباد کے تاجروں کے دل جیت لئے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تاجروں سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے جس پر ہم وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزیر پلاننگ اسد عمر راجہ خرم نواز اور علی نواز اعوان کے بھی تہ دل سے شکر گزار ہیں کہ ان سب نے اسلام آباد کے تاجروں سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے۔

اجمل بلوچ نے مزید کہا کہ یہ وہی بل ہے جس کا مسودہ ہم نے اسلام آباد کی تاجر برادری کے ہمراہ اسد عمر کے ساتھ بیٹھ کر تیار کیا تھا۔

(جاری ہے)

اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ مجھے پوری امید ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت سمیت تمام سیاسی جماعتیں بھی سینٹ میں اس بل کی مخالفت نہیں کریں گی بلکہ اس بل کی مکمل حمایت کریں گی انہوں نے مذید کہا کہ قانون کرایہ داری کا بل پاس ہونے پر اسلام آباد میں مہنگائی میں بھی کمی آئے گی کرایہ داری کا قانون منصفانہ نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد مہنگا ترین شہر بن چکا تھا اسلام آباد کی تاجر برادری پچھلے 25 سال سے منصفانہ قانون کا انتظار کر رہی تھی منصفانہ قانون نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد کا تاجر آئے روز بے دخل ہو رہا تھا جس سے آئے روز کئی فیملیاں متاثر ہو رہی تھیں

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں