آرمینیا کارباخ میں بمباری کر کے جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے،آزربائیجان سفیر

پاکستانی قوم آزربائیجان کیساتھ کھڑی ہے،سردار یاسر الیاس خان

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 21:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) آرمینیا کی جانب سے آزربائیجان کے شہریوں پر حملے کیخلاف اور آزربائیجان کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سینٹورس مال اسلام آباد میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔تصویری نمائش میں پاکستان میں متعین آزربائیجان کے سفیر علی علیزادہ اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان سمیت آزربائیجان اور پاکستانی شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر آزربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرمینیا کی جانب سے بمباری کا عمل انسانیت کیخلاف ہے۔آرمینیا کا یہ اقدام دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمینیا کی بمباری سے عام شہری اور معصوم بچے جاں بحق ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آرمینیا کارباخ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔یہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

ہم کارباخ میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا فوری طور پر نفاذ چاہتے ہیں۔آزری سفیر نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے آزربائیجان کے لیے ہمدردی اور محبت کو سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور پاکستانی ہم آزربائیجان کیساتھ کھڑے ہیں اور آج کا دن آزربائیجان سے یکجہتی کے طور پرمنارہے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے آرمینیا کے ہر اس جارحانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں جو انسانیت کیخلاف ہے۔آرمینیا کے اس جنگی جنون کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔سردار یاسر الیاس خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی بے حسی سے یہی صورتحال کشمیر اور فلسطین میں بھی جاری ہے۔اقوام متحدہ اس کا نوٹس لیکر فوری طور پر کارباخ کا معاملہ حل کرائے۔

ہم آج یہاں دنیا کو آرمینیا کے مظالم دکھانے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔آرمینیا معصوم لوگوں کی جانیں لے رہا ہے اس کو فوری طور پر روکا جائے۔تصویری نمائش میں آرمینیا کی جانب سے آزربائیجان پر ہونے والی بمباری اور اس کے نتیجے میں جانبحق شہریوں اور معصوم بچوں کی تصاویر اور ڈاکیومنٹری دکھائی گئی۔اس موقع پر آزری سفیر نے آزربائیجان کیساتھ اظہار یکجہتی کا دن منانے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں