نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے خدمت اور دیانت کی ایک اور اعلیٰ مثال قائم کر دی،اہلخانہ سے ناراض ہو کر گھر چھوڑنے والے دو بچوں کو ورثاکے حوالے کر دیا

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:57

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2020ء) : نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے خدمت اور دیانت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اہلخانہ سے ناراض ہو کر گھر چھوڑنے والے دو بچوں کو ورثاکے حوالے کر دیا جبکہ ایک اور واقعہ میں ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا گمشدہ موبائل فون مالک تک پہنچا دیا۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق موٹروے پر چارسدہ کے قریب دوران پٹرولنگ پولیس افسران نے سڑک کے کنارے دو کم سن بچوں کو پریشان حال دیکھا جن میں 12 سالہ عبداللہ اور 9 سالہ ادریس شامل تھے۔

دونوں بچے گھر والوں سے ناراض ہو کر راولپنڈی کی جانب جا رہے تھے اور بچوں کے پاس گھر والوں کا کوئی رابطہ نمبر بھی نہیں تھا ،اس صورتحال میں موٹروے پولیس نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بچوں کے اہلخانہ کا سراغ لگایا اوردونوں بچوں کو گھر والوں کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ایک اور واقعہ میں نواز طاہر نامی مسافر جو اپنی ذاتی گاڑی میں اسلام آباد سے لاہور جارہا تھا نے ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دی کہ وہ موٹروے پر بھیرہ کے قریب رکا ہوا تھا جہاں ممکنہ طور پر اس کا موبائل سڑک پر کہیں گر گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے اطلاع ملتے ہی ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کاگمشدہ موبائل فون تلاش کر کے مالک کو اطلاع دی جس نے اپنا موبائل فون وصول کرتے ہوئے موٹروے پولیس کی کاوش کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں