عمران خان حکومت کے 900 دن ناکامی ، نااہلی کا بدنما منظر ہیں،لیاقت بلوچ

حکومت نے نان ایشوز کو ایشو بنا کر پوری قوم کے قیمتی وقت اور ارمانوں کا خون کردیا ہے،سیاسی جمہوری انتخابی جماعتیں اندرونی خرابیوں کی وجہ سے سیاست ، جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے لیے بوجھ بن گئی ہیں، ریاستی اداروں کو آئین کا پابند بننا ہوگا،نائب امیرجماعت اسلامی

پیر 23 نومبر 2020 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے اچھرہ میں عوامی کنونشن اور اختر آباد میں کسانوں کے استقبالیہ پروگرام سے خطاب اور علماء کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان حکومت کے 900 دن ناکامی ، نااہلی کا بدنما منظر ہیں ۔ حکومت نے نان ایشوز کو ایشو بنا کر پوری قوم کے قیمتی وقت اور ارمانوں کا خون کردیا ہے ۔

سیاسی جمہوری انتخابی جماعتیں اندرونی خرابیوں کی وجہ سے سیاست ، جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے لیے بوجھ بن گئی ہیں ۔ ریاستی اداروں کو آئین کا پابند بننا ہوگا ۔ حکمران جماعت نے 900 دنوں میں دو قومی نظریہ ، اقتصادی حالات ، سیاسی پارلیمانی محاذ، قومی وحدت ، مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچادیاہے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے علماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں نے سید عطاء اللہ شاہ بخاری ؒ ، مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ ، جنر ل محمد ضیاء الحق ؒ ، ممتاز قادری ؒ شہید اور علامہ خادم حسین رضوی ؒ کے جنازوں میں شرکت کی ،بلاشبہ ان جنازوں میں عوام کی والہانہ شرکت تھی۔

اللہ نے ان سب کو عزت و احترام کا مقام اسلام ، ختم نبوت ؐ اور ناموس مصطفیٰؐ کے محاذ پر مجاہدانہ کردار کی وجہ سے عطا کیا ۔ دینی ، سیاسی قائدین اپنا قبلہ درست کریں اور قیام پاکستان کے مقاصد کے مطابق پاکستان کو مضبوط ، مثالی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں ۔ اغیار اور عالمی استعماری قوتوں کی آلہ کاری کی بجائے اللہ اور رسولؐ کی غلامی اور اطاعت اختیار کی جائے ۔

لیاقت بلوچ نے کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی زراعت دشمن پالیسی کی وجہ سے گندم ، گنا ، چاول کا کاشت کار تباہ ہورہاہے ۔ پیداواری لاگت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ پیاز ، ٹماٹر ، ادرک ، لہسن ، پھل سبزیاں غریب ، متوسط طبقے کی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہیں ۔ زراعت کی ترقی اور استحکام ہی قومی معیشت کو استحکام دے سکتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں