وزیر اعظم کے بلڈرزاور ڈویلپرز کے لئے اعلان کردہ کنسٹرکشن پیکج میں قابل نمایاں کامیابی حاصل

جمعہ 4 دسمبر 2020 00:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) وزیر اعظم کے بلڈرزاور ڈویلپرز کے لئے اعلان کردہ کنسٹرکشن پیکج میں قابل نمایاں کامیابی حاصل کرلی گئی۔ ایف بی آر اعلامیہ کے مطابق کنسٹرکشن پیکج کا دائر ہ کار وسیع ہے جس کے تحت نہایت پرکشش ٹیکس رعایات حاصل ہو سکتی ہیں،کنسٹرکشن پیکج لینڈ بلڈرز اور ڈویلپرز پر لاگو ہوتا ہے اور اس کے دائر ہ کار میں نئے اور موجودہ صنعتی اورترقیاتی پراجیکٹس دونوں آتے ہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق بلڈرز اور ڈویلپرز رہائشی اور کمرشل تعمیرات پر ٹیکس کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں، فوائد افراد، ایسوسی ایشن آف پرسنز اور کمپنیوں کو بھی حاصل ہیں،اس پیکج کے تحت بلڈرز اور ڈویلپرزکے لئے ہر مربع فٹ اور مربع گز پر فکسڈ ٹیکس شرح کا اطلاق ہوگا،پیکج کے تحت کم لاگت ہائوسنگ پراجیکٹس کی صورت میں ٹیکس میں نوے فیصد کمی حاصل ہو گی،کمپنیوں کے شئیر ہولڈرز کی سہولت کے لئے منافع آمدن پر کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہو گا، اس پیکج کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس میں بھی خاطر خواہ چھوٹ دی گئی ہے،سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے بلڈرز اور ڈویلپرز اور جائیداد کے خریداروں کے لئے شرائط کی تکمیل پر سرمایہ کاری کی آمدن پر کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی،بلڈرز اور ڈویلپرز کو 31 دسمبر 2020 تک ایف بی آر کے آئرس سافٹ وئیر پر رجسٹر ہونا پڑے گا،بلڈرز اور ڈویلپرز کو پراجیکٹ کی تکمیل کو 30 ستمبر 2022 تک یقینی بنانا پڑے گا، رجسٹریشن کے لئے بینک اکائونٹ ، ملکیتی کاغذات اور منظور پلان کی تفصیلات درکار ہوں گی، ایف بی آر کا سسٹم عارضی رجسٹریشن کی سہولت بھی دے رہا ہے اس صورت میں جبکہ پراجیکٹس پلان کی منظوری پراسیس میں ہو،بلڈرز ، ڈویلپرز اور خریداروں کی سہولت کے لئے آن لائن سپورٹ فراہم کی جار ہی ہے،اب تک 348 افراد نے 389 پراجیکٹس رجسٹرڈ کئے ہیں جن کی کل مالیت 157 ارب روپے ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں