شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ،تھانہ جات میں کام کی غرض سے آنے والوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کی داد رسی کی جائے ،آئی جی اسلام آباد

بروقت ایف آئی آر کا اندراج ،انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اشتہاریوں،عدالتی مفروران ،جرائم پیشہ عناصراورمنشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں ہماری ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے،زونل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز تمام تفتیش کی خود نگرانی کریں،قاضی جمیل الرحمان

جمعہ 15 جنوری 2021 23:37

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) آئی جی اسلام آباقاضی جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ،تھانہ جات میں کام کی غرض سے آنے والوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کی داد رسی کی جائے ،بروقت ایف آئی آر کا اندراج ،انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اشتہاریوں،عدالتی مفروران ،جرائم پیشہ عناصراورمنشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں ہماری ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے،زونل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز تمام تفتیش کی خود نگرانی کریں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت کرائم کے حوالے سے سنٹرل پولیس آفس میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی آئی جی آپریشنز،اے آئی جی آپریشنز،ایس ایس پی آپریشنز،ایس پی انوسٹی گیشن، زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ڈی ایس پی سی آئی اے نے شرکت کی میٹنگ میں ضلع بھر کی کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، ایس ڈی پی اوز نے اپنے اپنے علاقے میں کرائم کے متعلق بریف کیا ،ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سیدنے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر بڑی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے ،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ضلع بھر کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو دیگر صوبہ جات میں چھپے ملزمان کی گرفتار ی کی کوشش کریں مزید انھوں نے کہا کہ زونل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کواپنے علاقوں میں سرزد ہونے والی وارداتوں کے متعلق تمام معلومات ہونی چاہیے ایس ڈی پی اوز گرفتار ملزمان کی تفتیش اپنی نگرانی میں کرائیں،زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ،زیرو ٹالرینس کی پالیسی کو اپنانا ہو گا،سرزد وقوعہ جات کی بروقت ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو سزا دلوائی جاسکے ،شہریوں کو سستے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا، اشتہاریوں،عدالتی مفروران ،جرائم پیشہ عناصر،منشیات فروشوں کے ساتھ ساتھ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھی کاروائیاں عمل میں لائی جائیں ،موٹرسائیکل ،کار چوری کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے ،پولیس پٹرولنگ اور گشت کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے ، سٹریٹ کرائم اور موبائل چھیننے کی وارداتوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے ،سنیپ چیکنگ کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے،متعلقہ ایس پی ڈیوٹی پر جانے والے تمام اہلکاروں کو باقاعدہ طور بریف کریں گے ،زونل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز گشت کے نظام کو بہتر کریں اور مختلف اوقات میں سنیپ چیکنگ کے نظام کو بہتر کریں ،تمام جی اوز وقتا فوقتا ڈیوٹی کی ازخود مانیٹرنگ کریں، اگر کسی جگہ پر کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو زونل ایس پیز موقع واردات پر خود پہنچیں گے اورمدعی سے مل کر تمام صورتحا ل کا خود جائزہ لیں گے،مخبروں سے زیادہ سے زیادہ تعلقات بنائے جائیں تاکہ بروقت خبریں پولیس تک پہنچ سکیں،انٹیلی جنس کی بنیاد پر سرچ آپریشنز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کاروائیاں کی جائیں،اچھی کارکردگی دکھانے والے تفتیشی افسران کو انعام دیا جائے گا ، عام آدمی تک انصاف فراہم کرنے میں تمام تروسائل بروئے کار لائے جائیں،تھانہ کی سطح پر تمام شہریوں کے مسائل حل کیے جائیں،شہریوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آیا جائے غیر مناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا تمام افسران و جوان دلجمعی کے ساتھ انسدا دجرائم کے لئے جدوجہد کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں