د*پی ڈی ایم کل منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے احتجاج کرے گی

مریم نواز لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئیں ،آج،پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں شریک ہونگی

اتوار 17 جنوری 2021 20:20

& اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2021ء) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کو التواء میں رکھنے کے خلاف کل ( منگل) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے سامنے احتجاج کرے گی ،پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج(پیر کو ) ہوگا جس میں شرکت کے لئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اسلام آباد پہنچ گئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہی اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق اپوزیشن جماعتیں کل ( منگل) کے روز اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے سامنے احتجاج کریں گی ۔ احتجاج میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی قیادت اور مرکزی رہنما شریک ہوں گے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے تاہم پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کی قیادت میں کارکنان احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لئے جاتی امراء رائے ونڈ سے اسلام آباد پہنچیں ۔علاوہ ازیں پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں احتجاج کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پی ڈی ایم کے احتجاج کے موقع پر امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں اہم اجلاس آج کے روز طلب کر لیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں