ہلال احمر پاکستان کی جانب سے عوام میں روڈ سیفٹی کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے منصوبہ کا آغاز

جمعہ 22 جنوری 2021 17:43

اسلام آباد۔22جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22جنوری2021ء) :ہلال احمر پاکستان عوام میں روڈ سیفٹی کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے منصوبہ کا آغاز کر رہا ہے۔ یہ منصوبہ ہلال احمر کے ذریعے موومنٹ کے دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر انجام دیا جائے گا جس سے عام عوام، مقامی ٹرانسپورٹ ڈرائیوروں اور متعلقہ سرکاری حکام کو شریک بنایا جائے گا تاکہ وہ سڑکوں پر حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔

جمعہ کو ہلال احمر پاکستان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ منصوبہ ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کے لئے عالمی روڈ سیفٹی پارٹنر شپ کے ذریعے ترتیب دیئے گئے اقدامات میں سے ’’انفرادی روڈ سیفٹی کمٹمنٹ کارڈ‘‘ کو فروغ دے گا۔ منصوبے کے تحت حادثہ کے بعد کے ردعمل پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت ٹریفک پولیس اور موٹر ویز پولیس کو ابتدائی طبی امداد  کی فراہمی کے حوالے سے تربیت دی جائے گی تا کہ حادثے کے بعد ہونے والے ردعمل کی صورت میں صلاحیتوں کو بڑھا کر زیادہ سے زیادہ جانوں کو بچایا جاسکے اور سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں لوگوں کے مستقل معذور ہوجانے کی شرح کو کم کیا جا سکے۔

اس منصوبے میں ایسے رضاکار شامل ہوں گے جو ’انفرادی روڈ سیفٹی کمٹمنٹ کارڈ‘ کے 10 نکاتی ایجنڈے کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔اس حوالے سے چیئرمین ہلال احمر ابرار الحق نے کہا کہ روڈ سیفٹی پاکستان میں صحت عامہ کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ بعد  ٹریفک حادثے میں کوئی شخص ہلاک یا بری طرح زخمی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سڑک کی وجہ سے ہونے والی اموات اور زخمیوں کی ایک بڑی وجہ شعور اور بیداری کا فقدان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ” روڈ سیفٹی“ سے متعلق عوامی سطح پر آگاہی مہم کے ذریعے عوام الناس اور ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز کی آگاہی کی سطح کو بہتر بنانے سے روڈ ٹریفک اموات اور زخمیوں کو کم کیا جاسکتا ہے۔چیئرمین ابرار ا لحق نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہلال احمر پاکستان کے تحت موومنٹ پارٹنرز کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے اس منصوبے سے عام لوگوں، مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور ٹریفک پولیس اہلکاروں میں شعور کے اضافہ کی بدولت پاکستان میں روڈ سیفٹی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

ابرار الحق نے کہا کہ ”روڈ سیفٹی “ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہم سب کو سڑکوں پر ہونے والی اموات اور زخمی ہونے سے اپنے لوگوں کو بچانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ہلال احمر کے تحت شروع کردہ اس منصوبے کا مقصد پائیدار ترقیاتی اہداف( ایس ڈی جی) کا بھی حصول ہے  جس کے مطابق پاکستان میں روڈ اموات کی موجودہ تعداد کو نصف سطح پر لانا ہے اور یہ نیشنل روڈ سیفٹی سٹریٹجی 2018۔

2030ء کے وژن کی بھی عکاس ہے۔ ہلال احمر کے اس اقدام کا ایک اور مقصد موجودہ قوانین کی آگاہی کے عمل کو مستحکم کرنا ہے تاکہ روڈ سیفٹی کو فروغ دینے میں حکومت کی مدد ہو سکے۔ روڈ سیفٹی سے متعلق موجودہ قوانین، رہنما اصول اور پالیسیوں پر عمل کرنے کے لئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک مہم چلائی جائے گی۔ دوسری جانب عوامی نمائندوں کو روڈ سیفٹی کے اقدامات میں پائے جانے والے سقم سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں