پی ڈی ایم کا مسئلہ مہنگائی نہیں این آر او ہے، علی نواز اعوان

جمعہ 22 جنوری 2021 17:55

اسلام آباد۔22جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22جنوری2021ء) :وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا مسئلہ مہنگائی نہیں این آر او ہے، الیکشن کمیشن کے سامنے چند لوگوں نے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی، اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعہ کواسلام آباد کے علاقہ شہزاد ٹاؤن کے داخلی راستے کے تعمیراتی کام کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران کیا -  معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں محض این آر او کے حصول کے لئے اکٹھی ہوئی ہیں ۔ مریم نواز، بلاول بھٹو یا فضل الرحمن کا مسئلہ عوامی فلاح نہیں بلکہ اپنی چوریاں چھپانا ہے ۔

(جاری ہے)

علی نواز اعوان نے کہا کہ بھارتی فنڈنگ کا الزام پی ٹی آئی پر لگاتے ہیں اور مودی کو شادی پر خود بلاتے ہیں، بھارتی بزنس مین کے ساتھ شراکت داری کرتے ہیں ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ مہنگائی ہوئی تاہم پورے ملک میں معیشت کی مثبت پیش رفت سامنے آرہی ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر میں 7 فیصد اور ایس ایم ایز میں 6 فیصد بہتری ہوئی ہے۔

  شہزاد ٹاؤن کے داخلی راستے کے بارے میں بات کرتے ہوئے معاونِ خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ اس راستے کے کھولنے سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ سابق رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری کی اپنی یونین کونسل میں ہے اور انہیں توفیق نہیں ہوئی کہ وہ وزیراعظم ہاؤس سے باہر نکلتے علی نواز اعوان نے بتایا کہ شہزاد ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کے لئے85 لاکھ روپے کی لاگت سے سیوریج کی پائپ لائن ڈل جائے گی گیس پائپ لائن کا منصوبہ مکمل ہوگا اور یہ تمام کام جون سے پہلے پہلے مکمل ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں