پی ڈی ایم کا مسئلہ مہنگائی نہیں این آر او ہے، علی نواز اعوان

الیکشن کمیشن کے سامنے چند لوگوں نے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی ، فضل الرحمن کو مولانا کہتے شرم آتی ہے، اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، معاون خصوصی

جمعہ 22 جنوری 2021 22:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا مسئلہ مہنگائی نہیں این آر او ہے،الیکشن کمیشن کے سامنے چند لوگوں نے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی ، فضل الرحمن کو مولانا کہتے شرم آتی ہے، اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے علاقہ شہزاد ٹاؤن کے داخلی راستے کے تعمیراتی کام کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران کیا ۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں محض این آر او کے حصول کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں مریم نواز، بلاول بھٹو یا فضل الرحمن کا مسئلہ عوامی فلاح نہیں بلکہ اپنی چوریاں چھپانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ اسے اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی شرط فلسطین کو حقوق دینے پر رکھی اور الزام لگانے والے میاں نواز شریف کے لوگ اسرائیل کے دورے کرتے رہے بھارتی فنڈنگ کا الزام پی ٹی آئی پر لگاتے ہیں اور مودی کو شادی پر خود بلاتے ہیں بھارتی بزنس مین کے ساتھ شراکت داری کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ مہنگائی ہوئی تاہم پورے ملک میں معیشت کی مثبت پیش رفت سامنے آرہی ہے ٹیکسٹائل سیکٹر میں 7 فیصد اور ایس ایم ایز میں 6 فیصد بہتری ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ اس سال جون تک زرمبادلہ کے ذخائر میں 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہو گا بیرون ملک پاکستانیوں کا حکومت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ شہزاد ٹاؤن کے داخلی راستے کے بارے میں بات کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ اس راستے کے کھولنے سے عوام کو ریلیف ملے گا انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ سابق رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری کی اپنی یونین کونسل میں ہے اور انہیں توفیق نہیں ہوئی کہ وہ وزیراعظم ہاؤس سے باہر نکلتے علی نواز اعوان نے بتایا کہ شہزاد ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کے لیے 85 لاکھ روپے کی لاگت سے سیوریج کی پائپ لائن ڈا لی جائے گی گیس پائپ لائن کا منصوبہ مکمل ہوگا اور یہ تمام کام جون سے پہلے پہلے مکمل ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں