پیپلز پارٹی کا الیکشن کمیشن سے عمران خان کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ

بیان الیکشن کمیشن اور اسکروٹنی کمیٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے،اوپن سماعت پر بھی یوٹرن لے لیا ہے نیربخاری

منگل 26 جنوری 2021 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2021ء) پیپلزپارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم عمران خان کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نیربخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان الیکشن کمیشن اور اسکروٹنی کمیٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے، وزیراعظم عمران خان کا کیس جیتنے کا دعویٰ اسکروٹنی کمیٹی پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں نیر بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کیس جیتنے کا دعویٰ کر کے اسکروٹنی کمیٹی کے کردار پرسوالیہ نشان اٹھا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی توکیس کی تحقیقات جاری ہیں، عمران خان نے جیت کا دعویٰ کن بنیادوں پر کیا تحقیقات مکمل ہونے سے قبل ہی جیت کے دعویٰ پر شدید تحفظات اورخدشات ہیں۔نیربخاری ک نے کہا کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم عمران خان کے بیان کے بعد اپنی پوزیشن واضح کرے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اپوزیشن نے جو گڑھا کسی کے لیے کھودا تھا وہ اس میں خود گر گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں