ووٹ کو عزت دو کا کہنے والے غیر منتخب شخصیت کی زیرصدارت اجلاس میں شریک ہوئے، علی محمد خان

قر آن بھی کہتا ہے وعدہ پورا کرو ،جب آپ لوگ بھی کوئی وعدہ کریں تو پورا کریں، وزیر مملکت کا احسن اقبال سے مکالمہ

بدھ 27 جنوری 2021 00:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وفد سے ملاقات کا وعدہ کرنے کے باوجو 'غیر منتخب شخص' کی صدارت میں اجلاس میں شر کت کی۔قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو مخاطب کرکے علی محمد خان نے کہا کہ جب آپ لوگ بھی کوئی وعدہ کریں تو پورا کریں۔

انہوںنے کہاکہ پچھلے ہفتے آپ لوگوں نے وعدہ کیا تھا کہ آپ لوگ آئیں گے اور پارلیمنٹ کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے اسپیکر آفس میں بیٹھ کر تبادلہ خیال ہو گا۔اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم لوگ اسپیکر کے دفتر میں آئے، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے دیگر متعدد لوگ بھی آئے لیکن نہیں آئے تو مسلم لیگ (ن) کے لوگ تھے، پتہ نہیں انہیں مائیک کے سامنے آئین یاد آجاتا ہے جیسے ہی باہر جاتے ہیں سب کچھ بھول جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کم از کم آپ کو بتانا ضروری تھا کہ کیوں نہیں آرہے ہیں کیونکہ کوئی شریف آدمی وعدہ کرتا ہے تو پورا کرتا ہے اور قرآن بھی کہتا ہے کہ وعدہ کرو تو پورا کرو، تو ہم کل آپ لوگوں کا انتظار کرتے رہے تاہم آپ لوگ پتہ نہیں کدھر تھے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی اجلاس میں نائب صدر مریم نواز کی شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ آپ لوگ شاید وہاں تھے جہاں ایک غیر منتخب شخصیت اپوزیشن کے 100 اراکین کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پھر ہمیں کہا جاتا ہے کہ ووٹ کو عزت دو، آپ نے کل بڑی عزت دی ووٹ کو، لاکھوں ووٹ لینے والوں نے ایک غیر منتخب شخصیت کے نیچے اس مقدس پارلیمنٹ ہاؤس میں شرکت کی۔انہوںنے کہاکہ آپ بے شک جا کر مسلم لیگ (ن) کے سینٹرل آفس میں اجلاس کریں تاہم جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو کا تقاضا ہے کہ اس مقدس ایوان کے سائے میں جتنے اجلاس ہوں منتخب لوگوں کی صدارت منتخب لوگ کریں۔

قبل ازیں احسن اقبال نے اعتراض کیا کہ اس حکومت میں پارلیمانی امور کے مشیر اور ایک وزیر مملکت بھی ہیں تاہم جب بھی کوئی پارلیمانی معاملہ آتا ہے تو وزیر خارجہ کھڑے ہو کر پارلیمانی امور کا فیصلہ کر رہے ہوتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان کی ذمہ داری خارجہ معاملات کو دیکھنا ہے، ہمیں سنگین خدشات ہیں کہ خارجہ امور متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ ملائیشیا میں ہمارا جہاز کھڑا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اقوام متحدہ نے پابندی لگا دی ہے کہ پاکستانی ایئرلائن پر سفر نہیں کیا جاسکتا جبکہ افغانستان کی ایئرلائن منظور ہوگئی ہے، کشمیر کے مسئلے پر بھارت دن دہاڑے اپنا قبضہ مضبوط کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیر خارجہ پاکستان کا وزیر پارلیمانی امور بنا ہوا ہے تو پاکستان کی وزارت خارجہ کون چلا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمیں یہ ذلت دیکھنی پڑی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں