کورونا سے بچاؤ کیلئے 78 فیصد افراد ماسک کا استعمال کرتے ہیں، سروے رپورٹ

بدھ 27 جنوری 2021 00:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے میں پتا چلا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام کی اکثریت یعنی 78 فیصد افراد ماسک کا استعمال کرتے ہیں۔ گیلپ پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ملک بھر میں سروے کیا گیا جس میں ایک ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔

یہ سروے 24 دسمبر 2020 سے 15 جنوری 2021 کے درمیان کیاگیا۔کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کے سوال پر سروے میں 78 فیصد نے ماسک استعمال کرنے کا کہا جبکہ 51 فیصد نے ہاتھوں کو باقاعدگی سے دھونے، 47 فیصد نے ہینڈ سینیٹائزر استعمال کرنے، 27 فیصد نے گلوز استعمال کرنے، 19 فیصد نے زیادہ تر گھر پر رہنے جبکہ 4 فیصد نے قرنطینہ کرکے وائرس سے بچنے کا کہا۔

(جاری ہے)

سروے میں 13 فیصد نے کہا کہ وہ کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کررہے۔سروے میں دیکھا گیا کہ عوامی مقامات پر دوسرے افراد کی جانب سے ماسک نہ پہننے پر 50 فیصد افراد نے کہا کہ انہیں اس سے کوئی پریشانی نہیں لیکن 46 فیصد نے اس پر شدید پریشانی کا اظہار کیا۔دکان پر گاہگ اور دکاندار کے ماسک نہ پہننے پر 51 فیصد نے کسی قسم کی پریشانی نہ ہونے کا کہا جبکہ 46 فیصد نے اس پر پریشانی کا اظہار کیا۔

آفس یا کام کرنے والی جگہوں پر ساتھی یا دیگر افراد کی جانب سے ماسک نہ پہننے پر 50 فیصد نے کسی قسم کی پریشانی نہ ہونے کا بتایا جبکہ 46فیصد نے کہا کہ انہیں اس پر پریشانی ہوتی ہے۔سروے میں عوام سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کے پڑوسی ماسک پہنتے ہیں تو 57 فیصد نے اس کا جواب ہاں میں دیا جبکہ 42 فیصد نے پڑوسی کے ماسک نہ پہننے کا بتایا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں