سینیٹ کے رواں اجلاس سے قانون کرایہ داری ترمیمی بل پاس کروایا جائے۔ اجمل بلوچ

قانون منظور ہونے سے تاجروں کو ریلیف ملے گا۔ خالد چوہدری، الطاف شاہ

بدھ 27 جنوری 2021 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2021ء) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکریٹری خالد چوہدری، ستارہ مارکیٹ کے صدر الطاف شاہ، جی ایٹ ون کے جنرل سیکریٹری عبدالغفار چوہدری، جی ٹین کے صدر عابد عباسی، چوہدری ظفر اقبال، آفتاب گجر، چوہدری عرفان، ریاست علی، راجہ خرم نیاز اور محبوب احمد خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی نے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل تقریباً تین ماہ قبل پاس کردیا تھا جو کہ اب سینیٹ کے ایجنڈے میں شامل ہے قانون منظور کروانے میں وفاقی وزیر اسد عمر، راجہ خرم نواز، علی نواز اعوان کا اہم کردار تھا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ کے جاری سیشن سے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پاس کروایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار سکڑ گئے ہیں اور کرایہ دار اور مالکان کے درمیان تنازعات میں اضافہ ہوگیا ہے اور کاروبار کرنے میں مشکلات بڑھ گئی ہیں بے دخلی کے مقدمات میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ قانون میں ترمیم سے نا صرف کرایہ داروں کو ریلیف ملے گا بلکہ مالکان کی پریشانی بھی کم ہوگی۔

مذکورہ بل کے مطابق کسی بھی بے دخلی کے مقدمے میں ثالثی کونسل کے پاس کیس جائے گا اور وہ 30 دن کے اندر مصالحتی کردار ادا کر کے مقدمے کا فیصلہ کرے گی اور تصفیہ کروایا جائے گا۔ اس قانون سے عدالتوں میں جاری مقدمات میں بھی کمی واقع ہوگی انہوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک قانون نافذ نہیں ہوتا تمام جاری مقدمات کو التوا دے دیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں