اسلام آباد پولیس کی ویلفئیر کے لئے کوشاں ہیں،آئی جی اسلام آباد

ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے باقاعدہ طور پر ایس او پی تیار کی جائیگی ،تقریب سے خطاب

ہفتہ 27 فروری 2021 21:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2021ء) آئی جی اسلام آبادنے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ویلفئیر کے لئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے اسلام آباد پولیس سے ریٹائرڈ افسران کے اعزاز میں پولیس لائن ہیڈکواٹرز میں تقریب منعقد کی،جس میں اسلام آباد پولیس سے ریٹائرڈ ہونیوالے ایس پیز اور ڈی ایس پیز نے شرکت کی اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز بھی موجود تھے ریٹائرڈ پولیس افسران نے اپنے مسائل کے حل اور پولیس کی بہتری کے لئے تجاویز پیش کیں جن میں پنشن اور دیگر بقایا جات، دیگر اداروں کی طرز پر پولیس ہاؤسنگ سوسائٹی ، بذریعہ سٹیٹ آفس مکان کی الاٹمنٹ ،ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے والے کو میڈیکل بل کی کٹوتی، اسلام آباد کی سیکیورٹی و دیگر امور کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کیں،آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے ریٹائرڈ پولیس افسران کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں آپ پولیس کے سفیر ہیں پولیس کے بہتر امیج کے لئے آپ کی پیش کردہ تجاویزکو عملی جامہ پہنایا جائے گا، ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے باقاعدہ طور پر ایس او پی تیار کی جائے گی جس کے تحت ان کا پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں ایک سپوکس پرسن اور الگ سے کائونٹر قائم کیا جائے گا جن سے ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں مدد ملے گی پولیس سروس کے دوران آپ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا فورس کی بہتری کے لئے آپ کے تجربات اور مشوروں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا ،آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ پولیس کے ملازمین کی ویلفئیر اور شہریوں کی سہولیات کے لئے بہت سارے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،جن میں پولیس ملازمین کو طبی سہولیات و دیگر امور شامل ہیں، پولیس ٹریننگ سکول کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تفتیش کے نظام کو بہتر کیا گیا ہے تھانوں کی سطح پر بہترین انوسٹی گیشن افسران تعینات کیے ہیں ایف آئی آر کا فوری اندراج ، شہریوں کی سہولیات کے لئے تھانہ جات میں باقاعدہ طور پر پولیس گائیڈ ز تعینات کئے گئے ہیں، تمام سینئر افسران کوہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں ،مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں سے ملاقات کریں اورپولیس کی طرف سے ان کی جان ومال کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے تحفظ کا احساس دلائیں ان سب اقدامات کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان بہتر روابط قائم کرنا اور پولیس کے سوفٹ امیج کو اجاگر کرنا ہے پولیس کے بہتر اقدامات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کاروائیوں کی وجہ سے کرائم میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے آخر میں ریٹائرڈ پولیس افسران نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کی طرف سے دعوت پر مدعوکرنا ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے جس پر تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں