اسلام آباد پولیس اور عوام کے مابین رابطہ مہم کا آغازکردیاگیا

ایس ایس پی آپریشنز ،ڈی سی سمیت تمام زونل پولیس افسران کی شہریوں سے ملاقات مہم کا مقصد عام شہریوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے ،شہریوں کے ساتھ بہتر روابط

ہفتہ 27 فروری 2021 21:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2021ء) اسلام آبادپولیس اور عوام کے مابین رابطہ مہم کا آغازکردیاگیا، ایس ایس پی آپریشنزاسلام آباد ،ڈی سی اسلام آباد سمیت تمام زونل پولیس افسران نے مہم کے دوران مختلف علاقوں،مارکیٹوں، بازاروں میں پیدل گشت کیا اور شہریوں سے ملاقات کی۔ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے کہا ہے کہ اس مہم کا مقصد عام شہریوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے ،شہریوں کے ساتھ بہتر روابط ،پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو قائم کرنے اور شہریوں کے تعاون سے جرائم کا سدباب کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی خصوصی ہدایات پر عام شہریوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے ،شہریوں کے ساتھ بہتر روابط قائم کرنے ،پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کرنے ،شہریوں کے تعاون سے جرائم کے سدباب کرنے کے لئے خصوصی -رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے ، اس مہم کے سلسلہ میں گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات کے ہمراہ ایف ٹین اور ایف الیون مرکز میں پیدل گشت کیا اور شہریوں سے ملاقات کی ، اسی طرح تمام زونل پولیس افسران نے اپنے اپنے علاقوں کے بازاروں،مارکیٹوں میں پیدل گشت کیا اور شہریوں سے ملے۔

(جاری ہے)

افسران نے تاجروں،عام شہریوں، دکانداروںسے ملاقاتیں کیں،ان کے مسائل سنے۔ایس ایس پی آپریشنزنے بتایا کہ رابطہ مہم کے دوران تمام افسران تاجروں، علما کرام، اساتذہ، اقلیتی برادری، سول سوسائٹی سمیت ہرمکتبہ فکر کے لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے اور ان کے مسائل اور تجاویز کو سن اس پر فوری عمل درآمد کویقینی بنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ اس مہم کو عوامی حلقوں میں بھرپور سراہا جا رہا ہے ، مہم سے عام شہری کی کسی بھی سینئر افسرتک رسائی آسان ہو گی اور عام شہری کے مسائل بھی باآسانی حل ہو سکیں گے، ایس ایس پی نے کہا کہ رابطہ مہم سے شہریوں کے ساتھ اعتماد کا رشتہ قائم ہوگا اور جرائم کے سدباب میں مددملے گی۔

مہم کے دوران شہریوں نے بھی پولیس افسران کے ساتھ گشت کیا اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کو اجاگر کیا ، پولیس افسران نے شہریوں کو ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں