صدر ایپکا فیڈرل کا وزیراعظم کے نام خط، بجٹ میں وفاقی ملازمین کی اپ گریڈیشن اور تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کا مطالبہ

منگل 18 مئی 2021 23:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2021ء) صدر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا۔ فیڈرل) مقصود خٹک نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں نئے بجٹ میں تمام وفاقی ملازمین بشمول ٹیکنیکل سٹاف، کلاس فورملازمین، اساتذہ کی اپ گریڈیشن اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے کم از کم 50فیصد اضافہ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اسکے علاوہ 8 نکاتی ڈیمانڈز میں انہوں نے تمام ایڈیاک ریلیف ضم کرکے سکیل ریوائز کرنے،ٹائم سکیل پروموشن، ہاؤس رینٹ سیلینگ 2008ء کی بجائے موجودہ تنخواہ کے حساب سے عائد کرکے اس میں 50فیصد اضافہ، یوٹیلٹی الاؤنس، گریڈز اور تنخواہوں میں تفریق کا خاتمہ، 25 سال سروس پورا ہونے پر بنیادی تنخواہ کو منجمد نہ کرنے کے مطالبات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں وزیر اعظم پاکستان سے استدعا کی گئی ہے کہ اس کمرتوڑ مہنگائی نے سرکاری ملازمین سے جینے کا چھین لیا ہے اور گزشتہ سال بجٹ میں حکومت نے سرکاری ملازمین کو صرف صبر کرنے کی تلقین کی گئی تھی اور تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔

جبکہ اس وقت موجودہ کم تنخواہ میں کرایہ داری کا نظام، بچوں کی تعلیم کا خرچہ، علاج معالجہ اور یوٹیلٹی اخراجات پورا کرنا ان کے کیلئے مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا ہے اور وہ سفید پوشی میں بمشکل جی رہے ہیں لہذا اس بجٹ میں حکومت ان پر خصوصی شفقت اور نظر کرم کریاور سرکاری ملازمین کے 8 نکات پر مشتمل جائز حقوق اور ڈیمانڈز کو پورا کیا جائے تاکہ وہ سکون کی زندگی بسر کر سکے۔ مذکورہ خط کی ایک ایک کاپی وفاقی وزیر خزانہ اور سیکرٹری خزانہ کو بھی ارسال کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں