وفاقی دارلحکومت میں ڈرائیونگ ٹیسٹ میں سختی کی ہدایت

ڈرائیورز اپنی اور دوسروں کی جانوں کے محافظ ہوتے ہیں ،آئی جی اسلام آباد

بدھ 23 جون 2021 00:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2021ء) آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے گزشتہ روز ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ،ایس ایس پی ٹریفک سید کرار حسین نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر ایس پی ٹریفک و دیگر سینئر افسران موجود تھے، ایس ایس پی ٹریفک نے آئی جی اسلام آباد کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 35 ہزارسے زائد چالان کئے گئے ، انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کی سہولیات کے لئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں،جس میں سارجنٹس کے لئے موبائل فون کی تقسیم، ڈیجیٹل چالان اور ڈرائیونگ لائسینس کے سوفٹ وئیر اپ گریڈیشن، ون ونڈو ہال کی مرمت،ٹریفک ایجوکیشن ، شہریوں میں مفت ہیلمٹ کی تقسیم ، کانفرنس روم ، کیفے ٹیریا ،ڈرائیونگ سکول ، خودکار لائسینس کی تجدیدشامل ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی اسلام آباد نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے ڈرائیونگ ٹیسٹ کا جائزہ لیا اورلائسینس کے حصول کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے ڈیوٹی پر موجود عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا ،جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ، آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر کہا کہ لائسینس کے لیے آنے والے شہریوں کی عزت نفس کا پورا خیال رکھا جائے اور ڈرائیونگ ٹیسٹ میں سختی کرتے ہوئے سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک برتا جائے ، اس با ت کو یقینی بنایا جائے جو شخص ٹیسٹ پاس کرے صرف اسی کو لائسینس جاری کیا جائے، کیمروں کی مدد سے ڈرائیونگ ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کی جائے، ڈرائیونگ ٹیسٹ کی نگرانی پر سینئیر آفیسر تعینات کیا جائے۔

مزید انھوں نے ایس ایس پی ٹریفک کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ وار اردل روم کا انعقاد کیا جائے ،جس میں ملازمین کو درپیش مسائل کو سن کر حل کیا جائے ، اچھی کارکردگی پر زیادہ سے زیادہ انعامات دئیے جائیں ، انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے چھٹی والے دن چونکہ روڈ خالی ہوتے ہیں اس وجہ سے حد رفتارکی خلاف ورزیاں دیکھنے میں آتی ہیں لہذا سری نگر اور ایکسپریس ہائی وے پر اوور سپیڈ کیمروں کی تعداد بڑھائی جائے ،انہوں نے مزید کہاکہ حادثات کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں ون ویلنگ ، فینسی نمبر پلیٹس اورکالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں کی جائیں،انہوں نے مزید کہا کہ ڈیوٹی پر موجود افسران و جوانوں کو خو دچیک کریں اور ان کو بریف کریں،ان کا ٹرن آ?ٹ بہترین ہونا چاہیے، ٹریفک پولیس کا جوان پوری اسلام آباد پولیس کی عکاسی کرتا ہے، ڈیوٹی کے دوران شہریوں کے ساتھ پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی اپنائی جائے اور اپنے رویہ میں شائستگی لائی جائے ،ٹریفک پولیس کے افسران و جوان مثالی کردار ادا کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں