حلقہ پی پی 38 میں ضمنی انتخاب(کل)28 جولائی کو ہو گا،تمام انتظامات مکمل

پریذائیڈنگ افسران کو فارم 45 کی تصویر کھینچتے وقت لوکیشن آن کر کے واٹس ایپ کرنے کی ہدایات، کنٹرول روم قائم

پیر 26 جولائی 2021 19:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 38 میں ضمنی انتخاب(کل)28 جولائی بدھ کو ہو گااس انتخابی عمل کو صاف، شفاف پرامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، پولنگ کے دن سکیورٹی کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ پاکستان رینجرز کے اہلکاران پریذائیڈنگ افسران کے ساتھ ریٹر ننگ افسر کے دفتر سے انتخابی سامان کی وصولی اورانتخابی عمل کے مکمل ہونے تک ہمراہ رہیں گے۔

حلقے میں قائم تمام 165 پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن اور فارم 45 کی تصویر کھنچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے مزید وہ پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45 کی تصویر لیں گے اور فوراً ریٹرننگ افسر کو وائٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر فوراً ریٹرنگ افسر کے دفتر پہنچ کر فارم 45 کی اصل کاپی ریٹرننگ افسر کے حوالے کریں گے ہر پریذائیڈنگ افسر فارم 45 کی اوریجنل کاپی بمع Snapshot بشمول Forensic detailsریٹرننگ افسر کو دکھائے گا جس میں وقت اور لوکیشن معلوم ہو۔ ریٹرننگ افسر تصویر اور لوکیشن کی تفصیلات کا جائزہ لے گا اور پریذائیڈنگ افسر کے موبائل پر موجود لوکیشن اور وقت کی تفصیلات کی تصویر اپنے موبائل میں حاصل کرے گااور ان فرانزک تفصیلات کو اپنے آفس میں کمپیوٹر میں محفوظ کریگا ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ا یجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45 وصول کیے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑے۔

ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی دستخط شدہ کاپی پولنگ اسٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔کرونا وائرس کے حالیہ پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر انتخابی میٹریل پریذائیڈنگ افسر ان کے حوالے کرتے وقت‘ پولنگ کے دن ووٹنگ کے عمل کے دوران ریٹرننگ افسر کے دفتر میں نتائج وصولی کے وقت سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور دیگر ایس اوپیز پر عمل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

تا ہم اس سلسلے میں اس بات کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں کہ ایس اورپیز پر عمل درآمد کے دوران ووٹنگ کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اور کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم نہ رہے۔ اگر کسی ووٹر کے پاس ماسک موجود نہ ہو تو الیکشن کمیشن کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ ماسک فراہم کرے گی۔ریٹرننگ افسر کے دفتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو پولنگ کے عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا اس کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس اور رینجرز کے حکام یاان کے نمائندگان موجود رہیں گے تا کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے الیکشن کے دن کسی بھی نوعیت کی شکایت کو نمٹانے کے حوالے سے سنٹرل اور صوبائی سطح پر الگ الگ کنٹرول روم قائم کر دیئے ہیں جو پولنگ کے دن صبح 7:00 بجے سے ابتدائی نتیجہ مرتب ہونے تک بلاتعطل کام کرتے رہیں گے۔ جن کے نمبرزاور ای میل ایڈریس دیئے گئے ہیں جنی میں سنٹرل کنٹرول روم اسلام آبادفون نمبر 03-9204402- 051، فیکس نمبر -9204404- 051 ،ای میل ایڈریس[email protected] ،صوبائی کنٹرول روم پنجاب99212209 - 042-99212620-042،لاہور میں فیکس نمبر - 99211020- 042 ،ای میل ایڈریس [email protected] ،کنٹرول روم DRO/RO فون نمبر-4566072-052 -5200789 - 0345،0333-6057522 052-3310566، 0331-5147775،ای میل ایڈریس[email protected]شامل ہیں ۔

الیکشن کمیشن نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ حلقہ کے ووٹر اپنا حق رائے دہی پرامن انداز میں COVID-19 کے ایس اوپیز کا خیال رکھتے ہوئے استعمال کریں گے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے تعینات کردہ اہلکار ان سے بھرپورتعاون کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں