اسٹیٹس کو کی حامل جماعتیں قصہ پارینہ ،کوئی مستقبل نہیں ‘ہمایوں اختر خان

مسلم لیگ (ن) میںنام نہاد انقلاب کے بیانیے کی وجہ سے تذبذب کی صورتحال ہے ‘سینئر مرکزی رہنما

جمعرات 29 جولائی 2021 12:43

اسٹیٹس کو کی حامل جماعتیں قصہ پارینہ ،کوئی مستقبل نہیں ‘ہمایوں اختر خان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے بعد سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی فتح مخالفین کے منفی پراپیگنڈے اور ریاست مخالف بیانیے کی شکست ہے ، نتائج سے ثابت ہوگیاہے کہ عوام وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ان کی پالیسیوں سے مطمئن ہیں،اسٹیٹس کو کی حامل جماعتیں اب قصہ پارینہ بن چکی ہیں او ران کا کوئی مستقبل نہیں ۔

پارٹی دفتر میں ملاقات کیلئے آنے رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوںاخترخان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یہ دعوی کر تی تھی کہ پنجاب اس کا گڑھ ہے لیکن یہی پنجاب اس کی سیاست کے لئے گڑھا ثابت ہورہا ہے ، انشااللہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی اور سندھ کی جانب بھی کامیابی سے پیشرفت کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی جماعت میں توڑ پھوڑ کے حق میںنہیں لیکن مسلم لیگ (ن) میںنام نہاد انقلاب کے بیانیے کی وجہ سے تذبذب کی صورتحال ہے جس کی وجہ سے اسے بطور جماعت اپنی بقا کا سامنا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کورونا وبا اور خطے کی گھمبیر صورتحال کے باوجود معیشت کوسنبھالا دیا ہے اور انشا اللہ اسی بنیاد پر عوام آئندہ عام انتخابات میںبھی تحریک انصاف کو اقتدارمیں لائیں گے اورترقی کے سفر کی رفتار مزید تیز ہو گی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں