سانحہ ای الیون،ذمہ داروں کا تعین کرکے والدہ اور بچے کے قتل کی ایف آئی آر درج کروائی جائیگی، علی نواز اعوان

ای الیون کے تمام نالوں کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا ،قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائیگی ،وزیراعظم کے معاونِ برائے امورِ سی ڈی اے کی سیکٹر ای الیون کے دورے کے موقع پر گفتگو

جمعرات 29 جولائی 2021 21:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وزیراعظم کے معاونِ برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں ماں اور بچے کی ہلاکت پر ذمہ داران کے خلاف 302 کی ایف آئی آر درج ہوگی، واقعہ کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی اور غیر قانونی قبضے ختم کروا کر نالوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر ای الیون کے دورے کے دوران کیا اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے اس افسوس ناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے ماں اور بچے کے گھر جا کر لواحقین سے تعزیت بھی کی اور انہیں یقین دلایا کہ بارش کے باعث نالوں کا پانی روکنے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا اور جس بھی محکمے یا ہاسنگ سوسائٹی کے افراد اس کے ذمہ دار ہوئے ان کے خلاف قتل کی ایف آئی آر حکومت درج کروائے گی انہوں نے کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعہ کو ہونے سے نہیں روک سکے تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں، علی نواز اعوان نے کہا کہ ہم ای الیون کے تمام نالے ان کی اصل حالت میں بحال کریں گے اور ناجائز قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں