سابق مشیر انسانی حقوق ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم کی برطانوی ممتاز سیاسی شخصیت عبدالخالق قادری سے بات چیت

جمعہ 17 ستمبر 2021 18:20

اسلام آباد۔17ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2021ء) :عالمی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسپاڈ کے صدر اور سابق مشیر انسانی حقوق ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل سے ہی پاکستان مکمل اور ناقابل تسخیر بنے گاجو پاکستانی سیاستدان کشمیریوں کو بوجھ سمجھتے ہیں وہ ملک کے وفادار نہیں ہیں۔

بیرون ملک کشمیری ہر دور میں کشمیر کے موثر سفیر کا کردار ادا کرتے آ رہے ہیں، وہ زرمبادلہ ادا کر کے ملک کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں، انکے مسائل کو ترجیحی بنیاد وں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ کاکڑا ٹائون میں برطانیہ کی ممتاز سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیت عبدالخالق قادری سے بات چیت کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر تبسم نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی و کشمیری منتخب نمائندوں کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اپنی سرگرمیاں مزید تیز کرنی ہونگی۔

(جاری ہے)

کشمیر پارلیمانی کمیٹی کی صف بندی کر کے اسے فعال کرنا چاہئے محض بیانات دینے سے کشمیر کمیٹی کی افادیت واضح نہیں ہو گی ، انہیں بیرون ممالک اپنے وفود بھیجنے چاہئے اور وہاں کی پارلیمان اور پالیسی سازوں تک بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرنے اور بھارتی جنگی جرائم کو بے نقاب کرے کی ضرورت ہے۔ سردار طاہر تبسم نے مزید کہا ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اپنے ذاتی مفاداتی ایجنڈے انتخابات تک موخر کر کے تحریک آزادی  کشمیر اور استحکام پاکستان کے لئے متحد ہو کے کام کریں ۔

عبدالخالق قادری نے کہا کہ پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ اور مرکز و محور ہے کشمیریوں نے تکمیل پاکستان کی خاطر تین نسلیں قربان کیں اور آزادی کے حصول تک ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ، ہمارا جینا اور مرنا پاکستان اور آزادی کشمیر سے جڑا ہوا ہے لیکن بعض پاکستانی جماعتوں کے منفی رویوں سے بڑی تکلیف ہوتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے آزادکشمیر کے نئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ نئی حکومت خطے کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ کشمیر کی آزادی کے لئے بھی موثر پالیسی مرتب کرے گی اور بیس کیمپ کے کردار کے لئے خود کو فعال و متحرک بنائے گی۔

یاد رہے کہ عبدالخالق قادری کے خاندان سے انکے بیٹے، بیٹی اور پوتی برطانیہ کے ضلع والسال سے کونسلرز منتخب ہوئے ہیں اور موصوف گذشتہ 40 سال سے برطانیہ کی لیبر پارٹی میں فعال سیاسی کردار ادا کر رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ان کا جاندار کردار قابل فخر اور اپنی مثال آپ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں