ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس مسترد، اے این پی نے اپوزیشن کو نشانہ بنانے کا نیاطریقہ کار قرار دے دیا

موجودہ حکومت پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہی، نیب کا کردار واضح ہوچکا ہے، امیرحیدر خان ہوتی نیب ایک ناکام ترین ادارہ اور حکومتی اشاروں پر کام کررہی ہے، عدالتی ریمارکس نیب کی کارکردگی کے گواہ ہیں میڈیا کے ذریعے وزیراعظم اور حکومتی وزراء سے سن چکے ہیں کہ پاکستان میں نیب کی وجہ سے کاروبار تباہ ہورہے ہیں نیب موجودہ کیسز میں کچھ ثابت نہ کرسکا تو 20سال قبل کی فائلیں کھولنے سے کیا حاصل ہوگا، صرف اپوزیشن کو ہراساں کیا جائیگا، بیان

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس مسترد کرتے ہوئے اس آرڈیننس کو اپوزیشن کو نشانہ بنانے کیلئے نیا طریقہ کار قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں آرڈیننس پر ردعمل دیتے ہوئے امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ موجودہ حکومت پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہی، نیب کا کردار واضح ہوچکا ہے۔

نیب ایک ناکام ترین ادارہ اور حکومتی اشاروں پر کام کررہی ہے، عدالتی ریمارکس نیب کی کارکردگی کے گواہ ہیں۔میڈیا کے ذریعے وزیراعظم اور حکومتی وزراء سے سن چکے ہیں کہ پاکستان میں نیب کی وجہ سے کاروبار تباہ ہورہے ہیں۔نیب موجودہ کیسز میں کچھ ثابت نہ کرسکا تو 20سال قبل کی فائلیں کھولنے سے کیا حاصل ہوگا، صرف اپوزیشن کو ہراساں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

عدلیہ سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ اس غیرجمہوری روایت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ایک طرف قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی منظوری، دوسری طرف آرڈیننس کا نفاذ جمہوری روایات کی نفی ہے۔ امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ نیب کو بااختیار بنا کر اپوزیشن کے اراکین کو مزید نشانہ بنانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔حکومتی اراکین کے خلاف کوئی کیس آگے نہیں بڑھ رہا، صرف اپوزیشن کو دبانے کیلئے بھرپور محنت ہورہی ہے۔

کاروبار تباہ ہوچکے، معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے لیکن حکومت عوام سے بنیادی حقوق بھی چھین رہی ہے۔نان فائلرز کے فون بند کرنا، بجلی اور بینک کی سہولیات سے محروم رکھنا غربت میں پسی ہوئی عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے قوانین سے ملک انارکی کی طرف بڑھے گا اور عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے۔

ایف بی آر ڈیٹا ہیک ہوئی، کس کو سزا دی گئی جو کرنے کے کام ہیں وہ نہیں ہورہے لیکن عوام پر ٹیکسز کے بوجھ بڑھ رہے ہیں۔کیا حکومت بی آر ٹی، بلین ٹری سونامی، دوائیاں مہنگی کرنے، مہنگی ایل این جی کی خریداری، رنگ روڈ، بجلی ٹیرف میں اضافہ سمیت عوامی مسائل پر نیب کو تکلیف دے سکتی ہی بجلی کے بل میں 10سے 25فیصد ایڈوانس ٹیکسز کے ذریعے غربت کے مارے ہوئے عوام پر مہنگائی کا نیابم گرایا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں