میڈیا کے دوستوں پر پابندی کسی طورپر قبول نہیں کریں گے اور ہر پلیٹ فارم پر مسلم لیگ(ن)میڈیا کے دوستوں کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئے گی،زیشان نقوی

M اسلام آباد مسلم لیگ(ن) کا گڑھ تھاہے اور رہے گا،اگر بلدیاتی انتخابات ہوئے تمام حلقوں سے نوازشریف کے پروانے ہی بھاری اکثریت سے کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے،سابق ڈپٹی میئر

اتوار 19 ستمبر 2021 18:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے رہنما وسابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید زیشان علی نقوی نے کہاہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کی طرف سے عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کے بجائے دکھوں میں اضافہ کیاجارہاہے،عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اورملک کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے نالائق حکمرانوں کابوریابستر گول کروانا اور نئے انتخابات عوام کی ضرورت بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تباہی سرکار نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیاہے،نالائق حکمران ٹولے کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی مہنگائی ،غربت اور بے روزگاری کے سواکچھ نہ دیا،تبدیلی سرکار کے چل چلائو کا کام شروع ہوچکا ہے، تین سال سے جھوٹ بولنے والے اقتدار مافیا نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کردیاہے لیکن پاکستان مسلم لیگ(ن) وطن عزیز کی سالمیت اور تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنمازیشان نقوی نے کہاکہ دنیا سبز پاسپورٹ کی عزت زبانی کلامی اور کھوکھلے دعوئوں سے نہیں کرسکتی،قائد نوازشریف نے حقیقی معنوں میں سبز پاسپورٹ کو دنیا میں عزت دلائی،قائدنوازشریف کی سیاست ختم کرنے ،اُن کی خدمت اور حب الوطنی پر سوال اٹھانے والوں غلطیاں تم کرو،ملک کو شرمندہ تم کرائو اور قصوروار شریف فیملی ہے ایسا نہیں ہوسکتا، اسلام آباد مسلم لیگ(ن) کا گڑھ تھاہے اور رہے گا،اگر بلدیاتی انتخابات ہوئے تمام حلقوں سے قائد نوازشریف کے پروانے ہی بھاری اکثریت سے کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے،میڈیا کے دوستوں پر پابندی کسی طورپر قبول نہیں کریں گے اور ہر پلیٹ فارم پر مسلم لیگ(ن)میڈیا کے دوستوں کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئے گی۔

سابق ڈپٹی میئرزیشان نقوی نے مزید کہاکہ نیوزی لینڈ کے انکار سے پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے،آخری وقت پر میدان میں اترنے سے انکار کرنے فیصلہ سوچی سمجھی عالمی سازش کا حصہ معلوم ہوتی ہے،2013 ء کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان میں واپسی اور پھر آہستہ آہستہ تمام طرز کی کرکٹ کی بحالی دشمن کو راس نہ آئی، پاکستان کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے جواب بھی طلب کرے کہ انہوںنے کس بنیاد پر دورہ منسوخ کیااور اگرضروری سمجھے توانٹرنیشنل کورٹ میں کیس دائرکریں اور بائیکاٹ بھی کریں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان محفوظ ترین اور پُرامن ملک اور پاکستان عوام محبت اور امن کے داعی ہیں،نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی اور سیکورٹی خطرات اور خدشات کااظہار پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے،پاکستان کی عوام اپنے ملک میں عالمی معیار کی کرکٹ دیکھناچاہتے ہیں، کرکٹ شائقین نے ہمیشہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی راہوں میں محبت اور احترام سے خوش آمدیدکہا ہے، پاکستان کو پریشر میں لانے کیلئے عالمی قوتیں کیلئے یہ ڈرامہ رچارہی ہیں، افغانستان میں اسلامی انقلاب کی قیمت پاکستان ادا کررہاہے،قائدمیاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان دوبارہ عالمی کرکٹ کا مرکزثابت ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو روکنے سے لیکر کشمیر پرئمیرلیگ تک ہندوستان نے ہمیشہ پاکستانی کرکٹ کی راہ میں روڑے اٹکائے،لیکن پاکستان کی عزت اور وقار میں دنیا کی کوئی طاقت بھی کمی نہیں لاسکتی،پاکستان پوری دنیا میں ہرمیدان میں چمکے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں