نئے عہدیداران کا بلا مقابلہ انتخاب فائونڈر گروپ کی جیت ہے، میاں اکرم فرید

محمد شکیل منیراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے صدر منتخب ہو گئے،جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر منتخب

منگل 21 ستمبر 2021 00:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کے سالانہ الیکشن کی تقریب منعقد ہوئی۔ چیف الیکشن کمیشن چوہدری عبدالغفار نے الیکشن نتائج کا اعلان کیا۔ سال برائے 2021-22کیلئیمحمد شکیل منیر چیمبر کے صدر،جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر منتخب قرار پائے۔

تینوں عہدیداران کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔نومنتخب عہدیداران یکم اکتوبر کو باقاعدہ طور پر اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے بزنس کمیونٹی گون نا گوں مشکلات سے دوچار ہے لہذا وہ ترجیحی بنیادوں پر ان کے مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہر پندرہ دن بعد تیل کی قیمتوں میں نظرثانی کرنے کے فارمولے کو تبدیل کرنے پر غور کرے کیونکہ اس سے کاروبار کی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان مشکل حالات میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں میں نمایاں کمی کرے تا کہ کاروباری برادری اور عوام کو کچھ ریلیف ملے۔ انہوںنے چیمبر کے موجودہ صدر سردار یاسر الیاس خان کی بزنس کمیونٹی کیلئے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ چیمبر کو مزیدمضبوط ادارہ بنانے کی کوشش کریں گے تا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل بہتر طور پر حل ہوں۔

انہوں نے صدارت کیلئے نامزد کرنے پر فائونڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، گروپ کے اراکین اور چیمبر کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ فائونڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے کہا کہ چیمبر کے نئے عہدیداران کا بلا مقابلہ انتخاب فائونڈر گروپ کی جیت ہے۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو بلا مقابلہ انتخاب پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کیلئے موثر کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے انڈسٹریل زون کا قیام نئی ٹیم کی اہم ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ اس کے قیام سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور روزگار پیدا ہو گا۔ فائونڈر گروپ کی الیکشن مہم کے کو چیئرمین محمد اعجاز عباسی اور شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ تاجر برادری کے مسائل حل کرانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔

نومنتخب سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے تیسرے ترمیمی آرڈیننس 2021کے ذریعے ٹیکس قوانین کو مزید سخت بنا دیا ہے جس پر تاجر برادری کو شدید تحفظات ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ تاجر برادری کو اعتماد میں لئے بغیر مذکورہ ترامیم پر عمل درآمد سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے بلا مقابلہ انتخاب پر فائونڈر گروپ اور چیمبر کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور یہ یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی کارکردگی کے ذریعے ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان، سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبدالرحمٰن خان نے اپنے خطاب میں نومنتخب عہدیداران کو بلامقابلہ انتخاب پر مبارک باد پیش کی ۔ انہوں نے چیمبر کی ترقی اور بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں نئی ٹیم کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

فائونڈر گروپ کے اراکین خالد جاوید،اقبال ملک، میاں شوکت مسعود، ظفر بختاوری،چوہدری وحید الدین، اور احمد مغل سمیت شیخ عامر وحید، ناصر خان، احسن بختاوری، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نو منتخب عہدیداران کو بلا مقابلہ کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور تاجر برادری کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں ان کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں