شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی،افضال احمد کوثر

زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر یکسو کیا جائے،پراپرٹی کے جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے شہریوں سے لوٹے گئے مال کی برآمدگی کوہر صورت یقینی بنایا جائے،ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد

منگل 21 ستمبر 2021 21:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر یکسو کیا جائے،پراپرٹی کے جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے شہریوں سے لوٹے گئے مال کی برآمدگی کوہر صورت یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کی زیر صدارت کرائم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنزڈاکٹر سید مصطفی تنویر، ایس ایس پی سی ٹی ڈی ملک ظفر جمیل سمیت چاروں زونز کے ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ او بھی نے شرکت کی،اجلاس میں انھوں نے ضلع بھر کی کرائم کی صورت حال کا جائزہ لیا اور تمام افسران سے فرداًفرداً پوچھ گچھ کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی ائی جی آپریشنز نے اجلاس کے دوران تمام افسران کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کے ویژن کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے، زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد یکسو کیا جائے،ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹے گئے مال کی برآمدگی کوہر صورت یقینی بنایا جائے،اشتہاری مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈان کرتے ہوئے ان کو گرفتارکیا جائے،پٹرولنگ کے نظام کو بامقصد بنایا جائے دوران پٹرولنگ مشکوک اور مشتبہ عناصر کی کڑی نگرانی کی جائے،تمام افسران مدعی مقدمات سے ملیں اور انہیں ان کے مقدمات کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کریں تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہو۔

انھوں نے مزید کہا کہ قتل اور اقدام قتل کے مقدمات کی تفتیش کو ایس ڈی پی اوز اپنی زیر نگرانی فوری مکمل کروائیں تمام افسران نیک نیتی اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے کام کریں جو ورداتیں ٹریس نہیں وہ جلد از جلد ٹریس کریں،تھانوں میں آنے والے سائلین سے اچھے اخلاق سے پیش آئیں،انھوں نے کہا کہ تمام افسران جرائم میں ملوث بڑے بڑے گینگ کو گرفتار کرکے ان کے نیٹ ورک کو توڑاجائے جرائم کے انسداد کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں، انھوں نے کہا کہ اگر ہم سب نیک نیتی اور محنت سے کام کریں تو جرائم پیشہ عناصر پر قابو پایا جا سکتا ہے اس لئے ہر افسر اپنے فرض کو نیک نیتی سے سرانجام دے، اجلاس کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ او آئی نائن،ایس ایچ او نون،ایس ایچ او رمنا اور ایس ایچ او کوہسار کو شاباش دی اور اس امید کا اظہار کیا تمام افسران جرائم کی روک تھام کے لئے اپنا بھرپور ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں