اسلام آبادٹریفک پولیس کی موٹر سائیکل سواروں کیخلاف خصوصی مہم میں تیزی

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 7392چالان ٹکٹ جاری کر دئیے گئے

بدھ 22 ستمبر 2021 23:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) اسلام آبادٹریفک پولیس کی ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے جاری موٹر سائیکل سواروں کے خلاف خصوصی مہم میں تیزی،گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 7392چالان ٹکٹ جاری کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے احکاماتِ کی روشنی میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں،اس حوالے سے ایس ایس پی ٹریفک نے ٹریفک قوانین خصوصا ون ویلنگ ،اوور سپیڈنگ، لین اور لائن ڈسپلن، بغیر ہیلمٹ اور کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر رکھا ہے، اس سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اسپیشل سکواڈز وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں پر تعینات ہیں جو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے کے لیے مصروف عمل ہیں، اس خصوصی مہم کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 7392 موٹر سائیکل سواروں کو 11 لاکھ 14 ہزارروپے کے جرمانے کے چالان ٹکٹ جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ ہیلمٹ نہ پہننے پر6075 ، لین ڈسپلن کی خلاف ورزی پر127 ،بغیر نمبر پلیٹ پر 155 موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں، اس کے ساتھ ون وے کی خلاف ورزی پر149 جبکہ روڈ پربے احتیاطی اور خطرناک اندازمیں موٹر سائیکل چلانے پر 438اور 50ون ویلرز کے خلاف کارروائی کی گئی، جاری شدہ مہم کے دوران 471 سے زائد موٹر سائیکلز تھانہ جات میں بند کر دیئے گئے،ایس ایس پی ٹریفک نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ناکے لگا کر مہم میں تیزی لائی جارہی ہے ،اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر ضرروی اقدامات کیے جارہے ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی کسی صورت رعایت نہیں برتی جائے گی، اس خصوصی مہم کا مقصد شہریوں کو حادثات سے محفوظ بناتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا شہریوں سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں