بھارتی ریاستی دہشت پراقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کشمیریوں کی مشکلات کی بنیادی وجہ ہے، رپورٹ

ہفتہ 25 ستمبر 2021 18:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی محکوم کشمیریوں کی مشکلات کی بنیادی وجہ ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے ہفتہ کو جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں صحیح کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں مضمر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے مزید عدم توجہی بھارت کو کشمیریوں کو دبانے کے لیے مزید حوصلہ دے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کو بڑے پیمانے پر آگے آکرمسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اقوام متحدہ اس پر خاموش تماشائی بننا ترک کرے اور عالمی ادارہ کارروائی کر کے کشمیریوں کو بھارتی حملے سے بچائے اور کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فاشسٹ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرکے کشمیریوں کی الگ شناخت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔کے ایم ایس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسایت کے خلاف جرائم پر مودی اور بھارتی فوج کا محاسبہ کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں