بلدیاتی انتخابات پی ٹی آئی کیلئے سیاسی قبرستان ہونگے ،فیصل کریم کنڈی

عمران خان فواد چودھری کو ڈھونڈتے پھریں گے کہ کس پارٹی میں چلے گئے،رد عمل

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے فواد چودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پی ٹی آئی کے لئے سیاسی قبرستان ہوں گے جس کے بعد عمران خان فواد چودھری کو ڈھونڈتے پھریں گے کہ کس پارٹی میں چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھے گی کہ پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں انتخابات جیتے گے۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب میں جگہ جگہ پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال اس بات کی نوید دے رہا ہے کہ عوام پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔ عمران خان کا دھاندلی منصوبہ دھرے کا دھرا رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حالت یہ ہے کہ وہ قومی اسمبلی کا کورم بھی پورا نہیں کر سکتے کیونکہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی بھی عمران خان کی حکومت کو مزید کندھا دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عمران خان سے ٹکٹ لینے کے لئے تو خود فواد چودھری بھی تیار نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں