چئیرمین ایف بی آر کا پاک افغان طورخم سرحدکا دورہ ، افغانستان سے پھلوں کے تقریبا 1400 ٹرکوں کی کلیئرنس کو یقینی بنایا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:04

اسلام آباد۔25ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2021ء) :فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر کے چئیرمین ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے ممبر (کسٹمز آپریشنز) اور ممبر کسٹم پالیسی کے ہمراہ ہفتہ کو پاک افغان طورخم سرحدکا دورہ کیا اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کسٹمز کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔

چئیرمین ایف بی آر نے افغانستان سے پھلوں سے لدے تقریبا  1400  ٹرکوں کی کلیئرنس کو یقینی بنایا جو سرحد پر پھنس گئے تھے۔کسٹمز عملہ نے چئیرمین ایف بی آر کو یقین دلایا کہ مزید 100 ٹرکوں کی کلئیرنس کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ چئیرمین ایف بی آر نے دونوں اطراف کے تاجروں کے ساتھ ایک اہم ملاقات بھی کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ دو طرفہ تجارت کے عمل کو ہموار اور سہل بنانے کیلئے ایف بی آر مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

ڈاکٹرمحمداشفاق نے امید ظاہر کی کہ سرحدپرتعینات کسٹمزکا عملہ فرائض منصبی کی ادائیگی میں پیشہ ورانہ طرز عمل کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھے گا۔واضح رہے کہ ایف بی آر نے افغانستان سے تازہ پھلوں کی درآمدپرسیلزٹیکس کے خاتمہ کیلئے ایک روزقبل خصوصی سرکلرجاری کردیاتھا جس کا دونوں ممالک کے تاجروں نے بھرپورخیرمقدم کیاہے اورایف بی آرکے اس اقدام کی تعریف کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں