کشمیر یوتھ الائنس کے زیر اہتمام آل پارٹیز یوتھ کانفرنس،ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور قائد حریت سید علی گیلانی کو خراج عقیدت

ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سید علی گیلانی دونوں پاکستان کی محبت سے سرشار تھے، مسعود خان سابق صد ر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے دشمن کی دھمکیوں کا ٹھوس جواب دیا، سید علی گیلانی نے ساری زندگی جہد مسلسل کی، ڈاکٹر مجاہد گیلانی سید علی گیلانی اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے، یوتھ رہنماؤں کا مطالبہ

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) کشمیر یوتھ الائنس کے زیر اہتمام محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور قائد حریت سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں آل پارٹیز یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے کی جبکہ سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں شرکت کی، آل پارٹیز یوتھ کانفرنس میں سیکرٹری جنرل کشمیر یوتھ الائنس رضی طاہر، نائب صدر پلوشہ سعید،سیکرٹری اطلاعات نوید احمد سمیت 40 سے زائد طلبہ و یوتھ تنظیمات کے مرکزی قائدین شریک تھے۔

سابق صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود احمد خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سید علی گیلانی دونوں پاکستان کی محبت سے سرشار تھے، دونوں شخصیات کو پاکستانی قوم اور نوجوان سلام پیش کرتے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کے دلوں میں بسنے والی یہ دونوں شخصیات کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، صدر کشمیر یوتھ الائنس اور دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندارابی کے بھانجے ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک شخصیت نہیں بلکہ نظریے کا نام ہیں اور و ہ مقبوضہ کشمیر میں الحاق پاکستان کی سب سے بڑی آواز تھے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کے محسن اور ہیرو ہیں، دونوں عظیم قائدین نے ہمیشہ پاکستان سے وفا کی،سیکرٹری جنرل رضی طاہر، نائب صدر پلوشہ سعید کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی اور ڈاکٹر عبدالقدیر کی زندگی سے نوجوانوں کو سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے، جدوجہد اور وطن کیلئے کچھ کرنے کاجذبہ ان کی زندگی کا ماحصل ہے،سید علی گیلانی نے کشمیر کے جوانوں کو ظالم کے سامنے ڈٹنے کا پیغام دیا،انہوں نے پوری زندگی جہد مسلسل جاری رکھی،سردار عثمان علی خان، شہیر سیالوی، عبید قریشی، بلال ربانی و دیگر مقررین نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، پوری پاکستانی قوم محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مشکور ہے، اس موقع پر نوجوانوں نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا کہ سید علی گیلانی اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام پر تعلیمی ادارے بنائیں جائیں،دونوں شخصیات کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

آل پارٹیز یوتھ کانفرنس میں سردار عتیق علی خان صدر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ، بلال ربانی صدر مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، عبید عباسی صدر مسلم طلبہ محاذ، عبید قریشی، صدر یوتھ پارلیمنٹ، کاشف ظہیر کمبوہ صدر گلوبل یوتھ آرگنائزیشن، صدر ملی یوتھ ونگ راولپنڈی حافظ ثناء اللہ، ڈاکٹر نائلہ، چیئرپرسن فخر پاکستان، شہیر حیدر سیالوی صدر سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ، سجاد احمد مہرچیئرمین پاکستان تحریک شعور، صغیر اسد، چیئرمین نیشنل یوتھ، ڈاکٹر فیض اچکزئی صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن،آمنہ مسعود جنجوعہ، کنیزرفیق، ڈاکٹر غزالہ، احتشام الحق ڈپٹی سیکرٹری نیشنل پریس کلب، عمارالطاف ستی، چیئرمین سٹوڈنٹس موومنٹ، عامر رضا ایڈووکیٹ پازیٹو پاکستان فاونڈیشن،ڈاکٹر عبداللہ خلیل،ڈاکٹر عامر زادہ، آصف سیف، عمر ہمدانی، خنیس الرحمٰن، و دیگر نے شرکت کی۔

کانفرنس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سید علی گیلانی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور دعائے مغفرت کی گئی۔ شرکاء نے آخر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فلک شگاف نعرے بھی بلند کیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں