ممتاز ادیب، شاعر، کالم نگاراورماہر تعلیم ڈاکٹر اجمل نیازی کے انتقال پر چیئرمین اکادمی کا اظہارِ تعزیت

پیر 18 اکتوبر 2021 21:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) ممتاز ادیب، شاعر، کالم نگاراورماہر تعلیم ڈاکٹر اجمل نیازی کے انتقال پر ڈاکٹر یوسف خشک ، چیئرمین اکادمی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر اجمل نیازی معروف شاعر اور منفرد اسلوب کے کالم نگار تھے۔ انہوں نے عمر عزیز کا بڑا حصہ اردو زبان و ادب کی درس و تدریس میں گزارا۔

ڈاکٹر اجمل نیازی نے گورنمنٹ کالج لاہور اور پنجاب یونیورسٹی لاہور میں طالب علمی کے دوران ’’راوی‘‘ اور ’’محور‘‘ کی ادارت کی۔ وہ گارڈن کالج راولپنڈی اور گورنمنٹ کالج میانوالی میں لیکچرار بھی رہے۔ بعدازاں گورنمنٹ کالج لاہور اور ایف سی کالج سے وابستہ رہے۔ روزنامہ نوائے وقت میں بے نیازیاں کے عنوان سے کالم لکھتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فعال اور بھرپور زندگی گزاری۔

ان کی معروف تصانیف میں مندر میں محراب(سفرنامہ)، جل تھل (تذکرہ شعراء میانوالی)، پچھلے پہر کی سرگوشی(شاعری )، بازگشت(تذکرہ ) اور بے نیازیاں (کالمز کا مجموعہ )قابل ذکر ہیں۔ انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ چیئرمین اکادمی نے کہا کہ ڈاکٹر اجمل نیازی کے انتقال سے اردو ادب ایک اہم لکھنے والے سے محروم ہوگیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک، نے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں