ڈیجیٹل پاکستان‘‘ وژن کے تحت گھروں اور کاروبار کو فائبر ڈیپلائمنٹ کے ذریعے جوڑنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، چیئر مین پی ٹی اے

معنوں میں پائیدار اور معاشی طور پر قابل عمل چوتھے صنعتی انقلاب کا خواب تب تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک فائبر ہمارے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کا بنیادی حصہ نہ بن جائے، عظیم باجوہ

بدھ 20 اکتوبر 2021 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای)، میجر جنرل عامر عظیم باجوہ (ریٹائرڈ) نے کہا ہے کہ پاکستان’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘ وژن کے تحت گھروں اور کاروبار کو فائبر ڈیپلائمنٹ کے ذریعے جوڑنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات دبئی میں سمینا (SAMENA) ایکسلریٹر پالیسی لیول راؤنڈ ٹیبل کے موقع پر رائٹ آف وے کے نفاذ اور سماجی و اقتصادی ترقی کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ حقیقی معنوں میں پائیدار اور معاشی طور پر قابل عمل چوتھے صنعتی انقلاب کا خواب تب تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک فائبر ہمارے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کا بنیادی حصہ نہ بن جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی کے مقاصد اورعوام کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے پاکستان فائبر کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور اس کے پائیدار نیٹ ورکس پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ڈیٹا کے استعمال میں نمایاں اضافے کے باوجود ڈیجیٹل انفراسٹرکچر بین الاقوامی روابط کی وجہ سے مستحکم ہے۔

پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کی بدولت شمال میں خشکی سے گھرے ممالک کی طرف ڈیٹا کی آمد و رفت کے حوالے سے ایک علاقائی مرکز کے طور پر مثالی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ماحول آزاد ہے جو 100 فیصدغیر ملکی حصص اور 100 فیصد منافع کی واپسی کی اجازت دیتا ہے۔پاکستان ورلڈ اکنامک فورم کی ’’ایز آف ڈوئنگ بزنس رپورٹ 2020‘‘ کے تحت سب سے بہتر کاروباری ماحول کے ساتھ پہلے دس ممالک میں شامل ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پرروشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے نے لائسنس دہندگان کے لئے انفراسٹرکچرکی سہولیات کی فراہمی اور اس کی دیکھ بھال کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر فراہم کنندہ اور ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور فراہم کنندہ لائسنسنگ نظام متعارف کرائے۔ پی ٹی اے انفراسٹرکچر شیئرنگ گائیڈلائنز کے مسودے پر عوامی مشاورت بھی کر رہا ہے، جس میں غیر جانبداری، عدم امتیاز اور مساوی رسائی کے اصولوں پر مبنی فعال اور غیر فعال دونوں اجزاء شامل ہیں۔

دورے کے دوران، چیئرمین پی ٹی اے نے دبئی میں ہواوے الٹرا براڈ بینڈ فورم 2021میں بھی شرکت کی جہاں دنیا بھر کے معروف آپریٹروں اور انڈسٹری پارٹنرز نے براڈ بینڈ کے شعبے میں ممکنہ مواقع اور چیلنجوں کا جائزہ لیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں