وفاق المدارس العربیہ کے عہدیداروں کا اعلان ،نامور شخصیات اہم مناصب کیلئے منتخب

بدھ 20 اکتوبر 2021 22:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے عہدیداروں کا اعلان کر دیا گیا،ملک بھر سے نامور شخصیات وفاق المدارس کے اہم مناصب کے لیے منتخب کر لی گئیں،ذمہ داریاں پانچ سال کے لیے ہوں گی،صدر وفاق مولانامفتی محمد تقی عثمانی اور ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانامحمد حنیف جالندھری نے باہمی مشاورت سے وفاق المدارس کے نئے عہدیداروں کا اعلان کیا،ملک کی پانچ ممتاز شخصیات سرپرست ہوں گی،چار نائب صدور،ایک خازن،چاروں صوبوں کے ناظمین حسب سابق ہوں گے،29 رکنی مجلس عاملہ کا بھی اعلان کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے نومنتخب صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے باہمی مشاورت سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے اہم مناصب کے لیے عہدیداروں کا اعلان کردیاہی-وفاق المدارس کی طرف سے جاری کیے گئے اعلان کے مطابق مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صدر دارالعلوم کراچی،مولانا حافظ فضل الرحیم مہتمم جامعہ اشرفیہ لاہور،مولانافضل الرحمن مہتمم جامعہ معارف الشریعہ ڈیرہ اسماعیل خان،مولانامفتی مختار الدین شاہ مہتمم جامعہ زکریا دارالایمان کربوغہ شریف اور مولانا سید عبدالستار شاہ مہتمم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم رحیمیہ کوئٹہ کو وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا سرپرست نامزد کیا گیا جبکہ چار نائب صدور کا اعلان کیا گیا جن میں مولانا انوار الحق مہتمم جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک سینئر نائب صدر،مولاناعبیداللہ خالد مہتمم جامعہ فاروقیہ کراچی،مولاناسید سلیمان بنوری مہتمم جامعہ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاون کراچی اورمولاناسعیدیوسف مہتمم دارالعلوم تعلیم القرآن پلندری آزاد کشمیر شامل ہیں- جامعہ اسلامیہ امدادیہ فیصل آباد کے مہتمم مولانا مفتی محمد طیب خازن ہوں گے جبکہ چاروں صوبوں کے صوباء ناظمین حسب سابق مولانا امداداللہ ناظم سندھ،مولانا حسین احمد ناظم خیبرپختونخوا،مولاناصلاح الدین ناظم بلوچستان ہوں گی-وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مختلف مناصب کے لیے منتخب کی گئیں شخصیات کو دنیا بھر میں قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اکثر حضرات دنیا بھر میں ارادت مندوں اور تلامذہ کا وسیع حلقہ رکھتے ہیں اور مختلف حلقوں میں گہرا اثر و رسوخ رکھتے ہیں توقع کی جارہی ہے کہ ان شخصیات کے انتخاب سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے استحکام اور اثرات میں اضافہ ہوگااور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تعلیمی اور امتحانی نظام میں بہتری آئے گی-

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں