حکومت نے ملک بھر سے کرپٹ اورپلی بارگین کرنیوالے افسران کی تفصیلات طلب کرلیں

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 00:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء)وفاقی حکومت نے ملک بھر سے کرپٹ اور نیب سے پلی بارگین کرنے والے افسران کی تفصیلات مانگ لی ہیں، جس کے لیے تمام صوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھی لکھ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کرپٹ اور نیب سے پلی بارگین کرنے والے افسران کے خلاف کاروائی کی تفصیلات مانگ لی ہیں، اور اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام صوبائی حکومتوں کو ایک مراسلہ بھی لکھا ہے جس میں پوچھا گیا ہے کہ کن کن افسران نے قومی احتساب بیورو کو والنٹری ریٹرن کے تحت اثاثہ جات واپس کیے یا پلی بارگین کی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ تفصیلات مانگی گئی ہیں کہ جن جن افسران نے والنٹری ریٹرن اور پلی بارگین کی ہے ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ حکومت کی جانب سے اگست میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو لیٹر لکھ کر ان افسران کی تفصیلات مانگی گئی تھیں جو تاحال نہ مل سکیں، جس پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایک مرتبہ پھر تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جو معلومات مانگی گئی ہے وہ جلد ازجلد بھجوائی جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں