سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 22-2021 جمعرات کو ہونگے

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 18:41

اسلام آباد۔23اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2021ء) :سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 22-2021  جمعرات  28 اکتوبر 2021ء  کو ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال  سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کی نشست پر   سردار لطیف کھوسہ، محمد احسن بھون اور  حافظ عبد الرحمان انصاری ایکدوسرے کے مد مقابل ہیں ۔

  نائب صدر بلوچستان کی سیٹ  پرمحمد قاسم خان اور عمر فاروق مندوخیل، نائب صدر خیبر پختونخوا  کی نشست پر محمد اجمل خان اور سلیم اللہ خان رانا زئی، نائب صدر پنجاب کی سیٹ  پر چوہدری امتیاز احمد کمبوہ،چوہدری محمد ابرہیم،خاور اکرام بھٹی اور زید سبطین اختر بخاری،  نائب صدر سندھ کی نشست پر جاوید احمد راجپوت اور محمد عزیز خان حصہ لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری کی نشست پر محمد اکبر والانہ،مقتدر اختر شبیر اور وسیم ممتاز ملک کے مابین مقابلہ ہوگا  ۔ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر چوہدری ریاست علی گوندل اور ملک شکیل الرحمن خان الیکشن لڑ رہے ہیں ۔فنانس سیکرٹری کی نشست پر علی احمد خان رانا،ریاض حسین اعظم بوپیرہ اور شہناز اختر مد مقابل ہیں ۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد ،  کراچی،حیدر آباد ،سکھر،کوئٹہ،ڈیرہ اسماعیل خان،پشاور،ایبٹ آباد،لاہور،ملتان اور بہاولپور سمیت  11 پولنگ اسٹیشنزپر 28 اکتوبر کو ایک ہی دن میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے کل 3151 ممبر وکلاء اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے ۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن  کے الیشکن میں حسب روایت وکلاء کے دو بڑے گروپ عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ حصہ لے رہے ہیں جن کے امیدواران کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ سپریم کورٹ  بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کیلئے پولنگ کا دورانیہ صبح 8:30 سے شام 5:00 بجے تک ہوگا اس دوران دن  1:00 بجے نماز ظہر اور دوپہر کے کھانے کیلئے تقریباً 1 گھنٹے کیلئے پولنگ روکی جائے گی۔

اسلام آباد  میں پولنگ سپریم کورٹ بلڈنگ کے  ایڈمن بلاک میں ہوگی جہاں ایڈوکیٹ ذوالفقار عباسی وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل پریزائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ چئیرمن الیکشن بورڈ/ریٹرننگ آفیسرچوہدری افراسیاب خان ہوں گے۔ سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد  سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ووٹ کاسٹ کرنے کے  اہل ممبران کی تعداد 517 ہے تاہم اسلام آباد راولپنڈی میں عارضی طور پر مقیم سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اہل ممبران جن کے ناموں کا اندراج دیگر اسٹیشنز میں ہے وہ بھی ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے یوں اس پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں