1روپے کی قدر میں کمی ، ڈالر کی بڑھتی قیمتوںمیں اضافہ ملکی کرنسی کااستحصال ہے ،جوپاکستانیوں کاستیاناس ہوا، گورنراسٹیٹ بینک ا س کا بھی سوچ لیں،جمشیداخترشیخ

اتوار 24 اکتوبر 2021 18:10

jاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2021ء) اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب سنیئر نائب صدر جمشید اختر شیخ نے کہاہے کہ ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ ملکی کرنسی کا استحصال ہے،گورنراسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں کمی کے حوالے سے عجیب وغریب بات کی ہے،رضاباقر نے یہ بات شایداوورسیز پاکستانیوں کوخوش کرنے کیلئے کی ہے ،ڈالر کی بڑھتی قیمتوں نے پاکستانیوں کا جوستیاناس کیا ہے گورنراسٹیٹ بینک ا س کا بھی سوچ لیں، قرضے نہ لینے اور کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے کے دعوے کرنے والے حکمران آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں کے آگے سربسجودہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نااہل حکمرانوں اور نالائق وزراء نے ملک پاکستان کی معیشت اور سالمیت دائو پرلگادی ہے، پہلے تین سال تک یہ سارے مسائل کا ذمہ دار پچھلی حکومتوں کو ٹھہراتے رہے اورچونکہ 3 سال گزر چکے ہیں اس لئے وہ یہ بات نہیں کر سکتے ، انہوںنے اب ساری ذمہ داری کرونا پر ڈالنا شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر منتخب ہونے اورحلف اٹھانے کے بعدذمہ داریاں سنبھالنے پر مسلم لیگ(ن) مرکزی مجلس عاملہ کے رکن اور مرکزی صدرٹریڈرزونگ میاں عبدالمنان کی قیادت میں مبارکباد کیلئے آئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

جمشید اختر شیخ نے مزید کہاکہ آج گورنر اسٹیٹ بینک کی بات پر سوشل میڈیا پر شور ہے ان کی کریڈیبیلٹی مشکوک ہوگئی ہے کیونکہ انہوںنے مغرب میں اوورسیز پاکستانیوں کومخاطب کرکے کہاہے کہ جب ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے تو اوور سیز پاکستانیوں کوفائدہ ہوتاہے اور فارن ریزروبڑھتے ہیں یعنی آپ نے 22کروڑ پاکستانیوں کوتکلیف میں ڈال کر یہ سارا ڈرامہ اس لئے کیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ پہنچے اور فارن ریزور بڑھیں یہ تو بہت بڑا اسکینڈل ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف گٹھ جوڑ نے پہلے ہی ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیاہے،اوپر سے ایک بار پھر ایم آئی ایف سے مذاکرات کئے جا رہے ہیں لیکن ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں ابھی تک واضح نہیں کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ آئی ایم ایف کی کون کون سے شرائط تسلیم کرے گی، دوسری طرف ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہاہے،خدشات ہیں کہ آئندہ دنوں میں مہنگائی مزید بڑھے گی،مہنگائی حکومت اور عوام کیلئے بڑاچیلنج ہے۔

نومنتخب صدرجمشید اخترشیخ نے کہاکہ پٹرول کے نرخوں،ضروریات زندگی کی اشیاء آٹا، چینی ،پتی ،دالیں ،گھی ،سبزیاں ،مرغی گوشت،بجلی،گیس کے بلوںمیں اضافے نے عوام کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے، سفید پوش طبقے کو بھیک مانگنے پر مجبور کردیاگیا ہے،نااہل حکمرانوں نے جہاں ایک جانب مہنگائی کا عوام پر بم گرا دیاہے تو دوسری طرف ملکی سالمیت کو بھی نالائق حکمرانوں سے خطرہ ہے، تباہی سرکار جتنا عرصہ قوم پر مسلط رہی اتناہی ملک وقوم کا نقصان ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ 8ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرنے کے نعرے لگانے والا اب ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد تاریخ کی بلندترین سطح پر فیول ریٹس پہنچ چکے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کاروباری شعبہ ہائے زندگی کو حکومتی پالیسیوں سے سخت نقصان کا سامناکرناپڑرہاہے، حکومت تجارتی اور کاروباری حلقوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے جامع او ر مضبوط حکمت عملی لے کر آئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں