،عوام کوحکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، وہ عوام دشمن اقدامات کاکوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ،زیشان نقوی

اتوار 24 اکتوبر 2021 18:10

ی*اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2021ء) مسلم لیگ(ن)اسلام آباد کے رہنما وسابق ڈپٹی میئر اسلام آبادزیشان نقوی نے کہاہے کہ عوام کوموجودہ نااہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، سونامی و تباہی سرکار عوام دشمن اقدامات کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہی،غربت کی شرح بڑھ رہی ہے،بھوک سے خودکشیوں تک نوبت پہنچ چکی ہے،بازار ،مارکیٹیں،تاجرملکی حالات سے پریشان اور معاشی بدحالی اورشدید مشکلات سے دوچار ہیں،حکمران فوری طورپر مستعفی ہوکر ملک میںنئے عام انتخابات کے نعقاد کااعلان کریں۔

انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی اصل وجہ نالائق حکمرانوں کی نااہلی ،کرپشن،آمدن سے زائداخراجات ہیں، عوام مہنگائی کی شرح میں بدترین اضافے سے بدحال اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکلات کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں،ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں نے غریب عوام کو مہنگائی کے سونامی میں دھکیل دیاہے اور گبھرانا نہیں کا حکم بھی جاری کردیاہے،تبدیلی سرکار جب سے اقتدار کے ایوانوں میں آئی ہے تب سے آئے روز مہنگائی میں اضافہ ہورہاہے جس کی شدت اس قدر ہے کہ ہر غریب اپنے گھر میں مہنگائی کے سونامی کو محسوس کررہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت سنگین مسائل کا شکارہے ،تحریک انصاف نے عوام کو بحرانوں سے دوچار کررکھاہے ،تین سالوں میں جتنا استحصال عوام کاہواہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، تحریک انصاف کا طرز حکمرانی عوام کیلئے وبال جان بن چکاہے ،لوگ مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت کو سنہری دور گردان رہے ہیں،حقیقی اپوزیشن کاکرداربھی مسلم لیگ(ن) ہی اداکررہی ہے، اورعوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی،مسلم لیگ(ن) سمیت دیگر سیاسی پارٹی پر مشتمل الائنس پی ڈی ایم مہنگائی سے ستائے عوام کے ساتھ سراپااحتجاج ہے اور یہ احتجاج حکومت کے خاتمے تک جارہے گا۔

انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد تاریخ کی بلندترین سطح پر فیول ریٹس پہنچ چکے ہیں، کاروباری شعبہ ہائے زندگی کو حکومتی پالیسیوں سے سخت نقصان کا سامناکرناپڑرہاہے، حکومت تجارتی اور کاروباری حلقوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے جامع او رمضبوط حکمت عملی لے کر آئے تاکہ وہ مہنگائی کے سونامی سے خود کو محفوظ رکھ سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں