مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کا نفاز، جبری گمشدگیوں ، کرفیو کے نفاذ اور حالیہ جعلی فوجی مقابلوں پر تشویش ہے، ڈاکٹر عرفان اشرف

ضیا مصطفی کو کوٹ بھلوال جیل جموں سے نکال کر پونچھ کے جنگلات میں شہید کیا گیا جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، ضیا مصطفی شہید کا جسد خاکی ان کے ورثا کو فوری طور پر حوالے کیا جائے ،اس سلسلے میں دفتر خارجہ اور حکومت آزاد کشمیر اپنا کردار ادا کریں،تحریک جوانان کشمیر/ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ودیگر کی پریس کانفرنس

جمعرات 28 اکتوبر 2021 00:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کا نفاز، جبری گمشدگیوں ، غیر معینہ مدت تک کرفیو کے نفاذ اور حالیہ جعلی فوجی مقابلوں پر تشویش ہے، ضیا مصطفی کو کوٹ بھلوال جیل جموں سے نکال کر پونچھ کے جنگلات میں شہید کیا گیا جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ضیا مصطفی شہید کا جسد خاکی ان کے ورثا کو فوری طور پر حوالے کیا جائے اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ اور حکومت آزاد کشمیر اپنا کردار ادا کریں ۔

مقبوضہ کشمیر میں غیر مسلموں کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا منصوبہ ہے تا کہ تحریک ازادی کشمیر کو بدنام کیا جا سکے، تحریک آزادی کشمیر مکمل طور پر کشمیریوں کی تحریک ہے اس میں بیرونی عنصر کا ذکر کر کے بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنا چاہتا ہے، عالمی برادری کشمیر پر بھارتی جبری، غیر قانونی فوجی قبضے کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار تحریک جوانان کشمیر/ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عرفان اشرف ، سابق ایم ایل اے آزاد کشمیر اسمبلی پیر علی رضا بخاری ، سربراہ جمعوں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی سردار نبیلہ ارشاد، سدھن ایجوکیشن کانفرنس وویمن ونگ کی صدر خدیجہ زرین، سردار مشتاق اور دیگر نے اسلام آباد پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف کشمیر پر جبری قبضہ کیا ۔ جس کے خلاف کشمیری روز اول سے برسرپیکار ہیں، ہم اقوام متحدہ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ مسلہ کشمیر پر منظور کردہ اپنی قراردادوں پر فی الفور عمل کرتے ہوئے کشمیر سے بھارتی فوجوں کے انخلا میں اپنا کردار ادا کرئیں ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی قربانیاں پاکستان سے الحاق لے لئے ہیں اور یہ جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری و ساری رہے گی ضیا مصطفی کو 20 سال قبل بھارتی فوج نے گرفتار کیا تھا اور اج سے چند روز قبل ان کو جیل سے نکال کر شہید کر دیا گیا، بھارت کشمیر پر اپنے جبری فوجی قبضے کو دائم بخشنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میں TADA ,POTA,APSPA اور PSA جیسے کالے قوانین کے تحت بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے ۔ آج کے دن پوری کشمیری قوم کا یک نکاتی مطالبہ ہے کہ بھارت کشمیر سے فوری اپنی افواج کا انخلا کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت نے سید علی شاہ گیلانی کے جنازے کو جبری نامعلوم مقام پر دفن کیا جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری حالیہ جعلی مقابلوں کا عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری نوٹس لیں ۔

ضیا مصطفی کے حوالے سے مقررین نے پرزور مطالبہ کیا کہ ان کا جسد خاکی فوری ورثا کے حوالے کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ غیر مسلموں کی ٹارگٹ کلنگ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بھارت کی خفیہ ایجنسی را مقبوضہ کشمیر میں پنڈتوں کے قتل عام میں ملوث ہے اور ان کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کو دہشتگردی سے جوڑنا ہے ۔ مقررین کا کہنا تھاکہ تحریک آزادی کشمیر مکمل طور پر کشمیریوں کی تحریک ہے اس میں بیرونی عنصر کا ذکر کر کے بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنا چاہتا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ ہم اپنے اباواجداد کے مشن کو جاری و ساری رکھیں گے اور ہماری جدوجہد کشمیر کی بھارتی قبضے سے آزادی تک جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں