وزیٹر مینجمنٹ سسٹم '' سے شہری بھر پور استفادہ حاصل کر رہے ہیں،آئی جی اسلام آباد

سائلین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ، پولیس افسران کو ہدایت

منگل 30 نومبر 2021 23:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) آئی جی اسلام آبادنے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے چیک اینڈ بیلنس،سائلین کے مسائل کے حل کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تھانہ جات میں شروع کئے گئے '' وزیٹر مینجمنٹ سسٹم '' سے شہری بھر پور استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کے احکامات کی روشنی میں روایتی تھا نہ کلچر کو تبدیل کرنے، چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنانے اور مسائل کے حل کی شفافیت کیلئے تھانہ جات میں '' وزیٹر ز مینجمنٹ سسٹم '' تشکیل دیا گیا ہے جو شہریوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا پھر پور کردار ادا کر رہا ہے، اس سسٹم کے تحت تھانہ جات میں آنے والے سائلین کا با قاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے،جس میں اس کا رابطہ نمبر،وقت معہ تاریخ ریکارڈ کا حصہ بنایا جاتا ہے اور متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور زونل ایس پیزسائلین سے ازخود رابطہ کر کے پولیس کے رویے اوران کے مسائل کے حل کے متعلق آگاہی حاصل کرتے ہیں، شہری رابطہ کرنے والے آفیسر کو اپنے مسائل کے حل اوراس میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہیں اور اس میں مزید بہتری کیلئے اپنی تجاویز وآرائ بھی دیتے ہیں، پولیس کے اس اقدام کو عوامی حلقوں میں بھر پور پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی اسلام آباد نے افسران کو سختی سے ہدایا ت دیتے ہوئے کہا کہ'' وزیٹر مینجمنٹ سسٹم ''کے تحت تھانہ جات میں آنے والے سائلین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، سائلین کے مسائل کے حل کے لئے ہمیں اپنی پوری توانائی صرف کرنی ہے، تمام آفیسر اپنا کام پوری ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں اورشہریوں کوریلیف فراہم کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، سائلین مسائل کے حل کے لئے ہمارے پاس آتے ہیں، غیر ذمہ دار نہ رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ان اقداما ت کا مقصد ناصرف شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیا دوں پرحل کرنا بلکہ سینئر افسران تک ان کو رسائی فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں