مسرت قدیم فافن کی چئیرپرسن منتخب ہوگئیں

بدھ 1 دسمبر 2021 00:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2021ء) فری اینڈ فئیرالیکشن نیٹ ورک (فافن) کی نیشنل کونسل نے انتیس نومبر بروز سوموار کو ہونے والے انتخاب میں محترمہ مسرت قدیم صاحبہ کو تین سالہ مدت کے لیے اپنی نئی چئیرپرسن منتخب کرلیا ہے ۔ خواتین کی ترقی اور فروغِ امن کے لیے اپنی کاوشوں سے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے والی مسرت قدیم صاحبہ سول سوسائٹی کا ایک معروف نام ہیں اور پیمان ایلومینائی ٹرسٹ نامی تنظیم کی سربراہ ہیں۔

وہ اس سے پہلے بھی فافن کی چئیرپرسن رہ چکی ہیں۔ وہ سبکدوش ہونے والے چئیرپرسن حمید اللہ کاکڑ کی جگہ نئی چئیرپرسن منتخب ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ فافن کی تمام صوبائی ، نیشنل اور ایگزیکٹو کونسلوں کے اراکین اور عہدیداران کے انتخابات رواں ماہ (نومبر 2021) منعقد ہوئے جبکہ اس سے پہلے (ستمبر اور اکتوبر 2021) فافن کی رکنیت رکھنے والے ریجنل نیٹ ورکس کے انتخابات ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

نئی چئیرپرسن کے انتخاب کے ساتھ ہی فافن کی تشکیلِ نو کا عمل اپنی تکمیل کو پہنچ گیا ہے جس کے نتیجے میں فافن سول سوسائٹی تنظیموں کے ایک نیٹ ورک کی بجائے 20 الگ الگ ریجنل نیٹ ورکس پر مبنی ایک ملک گیر نیٹ ورک بن چکا ہے۔ فافن کے رکن بننے والے ریجنل نیٹ ورکس کا دائرہ کار پاکستان بھر میں محیط ہے اور ان کی مجموعی رکنیت تحصیلوں کی سطح تک رسائی رکھنے والی 500 سول سوسائٹی تنظیموں پر مشتمل ہے۔

فافن کو نیٹ ورک ا?ف نیٹ ورکس بنانے کا یہ عمل دسمبر 2020 میں شروع ہوا تھا۔نومنتخب چئیرپرسن مسرت قدیم فافن کی نو رکنی ایگزیکٹو کونسل کی سربراہ ہوں گی۔ یہ کونسل چاروں صوبوں سے منتخب ہونے والے دو دو ارکان اور مخصوص نشست پر منتخب ایک خاتون رکن پر مشتمل ہے۔ موجودہ ایگزیکٹو کونسل میں خیبرپختونخوا سے مختار جاوید اور ظہیر خٹک، پنجاب سے ساجد علی اور زاہد اقبال، بلوچستان سے حمید اللہ کاکڑ اور نصراللہ، اور سندھ سے یونس بندھانی اور جان اوڈھانو شامل ہیں جبکہ خواتین کے لیے مختص نشست پر عنبرین عجائب منتخب ہوئی ہیں۔ سبکدوش ہونے والے چئیرپرسن اور ایگزیکٹو کونسل ارکان نے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک تمنّاؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں