سیکٹر آئی الیون میں ترقیاتی کاموں پر تیزی سے کام جاری، الاٹیوں کا سی ڈی اے سے اظہار تشکر

جمعرات 2 دسمبر 2021 17:39

اسلام آباد۔2دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 02 دسمبر2021ء) :وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)کا سیکٹر آئی الیون میں سیوریج لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے، ڈرینج ،گلیوں اور نالے پر پلیوں کی تعمیر و دیگر ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کی طرف سے ان ترقیاتی کاموں کا آغاز آئی الیون الاٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مطالبے اور چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

سیکٹر آئی الیون میں ترقیاتی کاموں کے آغاز سے عرصہ 30سال کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کی ہدایت پر ممبر انجینئر نگ سید منور شاہ کی زیر صدارت کھلی کچہری میں سیکٹر کے رہائشیوں کے مسائل سننے کے بعد ڈپٹی ڈی جی ورکس اور ڈی جی واٹر اینڈ سیوریج کو ہدایات جاری کی گئی تھیں جس پر سیکٹر آئی الیون میں ترقیاتی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

سوئی گیس پائپ لائن اور سیوریج لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے، ڈرینج، گلیوں اور نالے پر پلیوں کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔  سٹریٹ لائٹس اور واٹر سپلائی لائنوں کی تنصیب جلد شروع ہوجائے گی۔ سیکٹر آئی الیون اور آئی بارہ کے بجلی کی ترسیل کے لیے گرڈ اسٹیشن تعمیر کے آخری مراحل میں ہے۔ ترقیاتی کاموں کے آغاز پرآئی الیون الاٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن نے سی ڈی اے حکام سے اظہار تشکر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں