پولیس ملازمین کے ذاتی و سرکاری درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے،عرفان بلوچ

ڈی آئی جی لا اینڈ آڈر اسلام آباد کاپولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پولیس دربار کا انعقاد،پولیس ملازمین نے مسائل بیان کئے،حل طلب مسائل کے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے

جمعہ 3 دسمبر 2021 00:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) ڈی آئی جی لا اینڈ آڈر اسلام آباد عرفان بلوچ نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے ذاتی و سرکاری درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق آ ئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی لا اینڈ آڈر اسلام آباد عرفان بلوچ نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پولیس دربار کا انعقاد کیا، جس میں اے آر یو کے افسران و جوانوں نے شرکت کی، اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹرز عارف حسین شاہ و دیگر افسران بھی موجود تھے،دربار میں پولیس ملازمین نے ذاتی اور سرکاری نوعیت کے مسائل ڈی آئی جی لا اینڈ آڈر کے سامنے رکھے،حل طلب مسائل کا موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے باقی مسائل کے حل کے لئے یقین دہانی کروائی گئی۔

(جاری ہے)

پولس دربار سے ڈی ائی جی لا اینڈ آڈر اسلام آباد عرفان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ملازمین کی ویلفئیرکے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں، آپ کو کسی بھی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو میرے دروازے آپ کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں،انہوں نے اپنے سٹاف کو بھی ہدایت کی کہ کسی بھی جوان کو کوئی ذاتی و سرکاری مسئلہ درپیش ہو تو فوری ان کے نوٹس میں لائیں جس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، ہم سب نے مل کر اس شہر کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں،تمام جوان ہمارے لئے برابر اور ہمارے بچوں کی طرح ہیں، آپ کے مسائل ہمارے مسائل ہیں،انہوں نے کہا کہ ایسے دربار ہر ماہ منعقد کئے جائیں گے تاکہ آپ سب جوانوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں